خبرنامہ کشمیر

علی گیلانی کا وزیر اعظم پاکستان کے جنرل اسمبلی سے خطاب کاخیرمقدم

علی گیلانی کا وزیر اعظم پاکستان کے جنرل اسمبلی سے خطاب کاخیرمقدم
سرینگر (اے پی پی،ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے حالیہ خطاب جس میں انہوں نے تنازعہ کشمیر سمیت تمام اہم مسائل کوجرات مندی سے اجاگر کیا ہے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیر اعظم پاکستان کا خطاب کشمیر کی امنگوں کے مطابق حق وصداقت پر مبنی تھا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو ہمیشہ عالمی فورمز پر اٹھایا ہے اور اس دیرینہ سیاسی مسئلے کو بامعنی مذاکراتی عمل کے ذریعے اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل پر ہمیشہ زور دیا ہے۔تاہم بھارتی حکومت نے جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو طول دینے کیلئے ہمیشہ ظلم وتشددکے تمام ہتھکنڈوں کو استعمال کیا ہے اور اس کے باوجود بھی وہ آج تک کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کمزور نہیں کر سکا ہے ۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ شاہد خاقان نے کشمیر کے لوگوں کے سیاسی حقوق کے حق میں آواز بلند کر کے ثابت کردیا ہے کہ وہ کشمیر کے دوست اور خیرخواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشمیریوں کی خواہشات کا احترام کرے اور اس خطے میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردارادا کرے ۔ادھر تحریک حریت جموں وکشمیرکے زیر اہتمام اسلامی کلینڈر کے نئے سال کے آغاز اور شہادت امام حسینؓ کی مناسبت سے28 ستمبر جمعرات کو حیدرپورہ سرینگر میں ایک روزہ سیمینار بعنوان ’’نقشِ اِلّااللہ بر صحرا نوشت…. سطرِ عنوانِ نجاتِ ما نوشت‘‘ منعقد کیاجائے گا ۔ سیمینار کی صدارت حریت چیئرمین سید علی گیلانی کریں گے اور اس میں علماءِ دین اور اسلامی تنظیموں کے نمائندے اظہار خیال کریں گے اور فلسفہ شہادت پر قرآن وسنت کی رُوح سے روشنی ڈالیں گے۔ تحریک حریت جموں وکشمیر نے خاص وعام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس تقریب میں بڑھ چڑھ کر شرکت کریں۔