خبرنامہ کشمیر

عمران خان کو دھرنے اور ریلیوں کا شوق ہے تو مقبوضہ کشمیر ریلی لے کر جائیں: سراج منیر

مظفرآباد(ملت + آئی این پی) مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے مرکزی ممبرمجلس عاملہ شیخ سراج منیر نے کہا ہے کہ عمران خان کو دھرنے اور ریلیوں کا شوق ہے تو مقبوضہ کشمیر ریلی لے کر جائیں،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم انتہا کو پہنچ چکے ہیں،گزشتہ 105دنوں سے وادی کے اندر ظلم وبربریت کا بازار گرم ہے،موصوف جمہوری حکومت کے خلاف منظم سازش کے تحت پروپیگنڈے میں مصروف ہیں یہ وقت اپس میں الجھنے کا نہیں بھارتی بربریت کے خلاف متحد ہونے کا ہے،عمران خان نے سیاست کی تمام حدوں کو عبور کر دیا ہے ،پتہ نہیں کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوامی منشور پر نہیں اغیار کی سازشوں کو دوام بخش رہی ہے انہوں نے کہا کہ ایک طرف بھارت ورکنگ باونڈری ،لائن آف کنٹرول پر کشیدگی بڑھا رہا ہے اور ایک سو سے زائد روز سے وادی کے اندر کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلنے میں مگن ہے حکومت پاکستان بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کر رہی ہے دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف حکومت کو کمزورکرنے کے درپے ہے جس سے ثابت ہوتا ہے یہ ایجنڈا ان کا اپنا نہیں کسی بیرونی سازش کا شاخسانہ ہے عوام ایسے بہروپیوں کو پہنچان چکی ہے آزادکشمیر کی عوام نے انتخابات کے اندر بری طرح مسترد کیا انشاء اللہ 2018کے الیکشن میں بھی پاکستان تحریک انصاف تمام صوبوں سے اسی طرح شکست سے دوچار ہوگی۔