خبرنامہ کشمیر

عوامی حاکمیت کے تصور کو عملی جامہ پہنانے میں وکلاء کا اہم کردار ہے: وزیر اعظم

مظفر آباد(ملت + آئی این پی)وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے اندر جمہوریت کی بحالی،اداروں کے استحکام، عوامی حاکمیت کے تصور کو عملی جامہ پہنانے میں وکلاء برادری کا اہم کردار ہے تحریک آزادی کشمیر برہان مظفروانی کی شہادت کے بعد نئے دور میں داخل ہوچکی ہے کشمیریوں نے جدوجہد آزادی کے لیے قربانیوں کے تمام تر تقاضے پورے کردیئے مقبوضہ کشمیر میں یوم آزادی سمیت پاکستان کے قومی ایام جس جوش وجذبے سے منائے جارہے ہیں وہ اس بات کا پاکستان کی قومی قیادت اور سول سوسائٹی سے تقاضا کرتے ہیں کہ ملکی مفاد اور کشمیریوں کی جدوجہد کو سیاسی ،سفارتی واخلاقی حمایت کے لیے پاکستانی قوم میں پائے جانے والے تمام جذبات کویکجا کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن پاکستان کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن بیرسٹر ظفرعلی شاہ کی قیادت میں وزیراعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی اس موقع پر ممبران اسمبلی،احمد رضا قادری، چوہدری شہزاد محمود،صدر سپریم کورٹ بار آزادکشمیر حضور امام کاظمی، صدر ہائی کورٹ بار آزادکشمیر اقبال منہاس، صدر سنٹرل بار ایسوسی ایشن راجہ آفتاب موجود تھے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور آزادحکومت کے درمیان مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے اور قانونی معاونت کے لیے باضابطہ طور پر ورکنگ ریلیشن شپ قائم کیئے جانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ صدرسپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان نے بھارتی مظالم کودنیا تک پہنچانے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی سے آگاہی کے لیے سری نگر میں فیکٹ اینڈ فائنڈنگ مشن بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ بار پاکستان وزیراعظم آزادکشمیر کی رہنمائی میں نہ صرف ملک کے اندر بلکہ بین الاقوامی سطح پر اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر بھارتی فورسز اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کریگی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ پاکستان کی سول سوسائٹی میں کالے کوٹ والوں کو بنیادی مقام حاصل ہے جنہوں نے انتھک محنت اور جدوجہد سے ملک کے اندر سیاسی انقلاب برپا کیا تحریک آزادی کشمیر اب نازک موڑ میں داخل ہوچکی ہے حالات کا تقاضا ہے کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں سیاسی اختلافات کوبالا طاق رکھتے ہوئے کشمیر کے معاملے پراتحاد ویکجہتی کا مظاہرہ کریں اسطرح پاکستان اقتصادی طور پر مضبوط ہوگا ملکی معیشت مضبوط اور جمہوریت مستحکم ہوگی۔انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں گزشتہ چھ دائیوں سے آزادکشمیر میں بے پنا ہ ترقی ہوئی ہے انفراسٹرکچر ،تعلیم اورصحت کے شعبوں میں قابل ذکر پیشرفت ہوئی مگر ہم نے مزید ترقی کی منازل طے کرکے اس کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی یہ تب ہی ممکن ہوسکتا ہے جب تمام سیاسی جماعتیں تحریک آزادی کشمیر اور آزادخطہ کی ترقی وخوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔کشمیریوں نے تحریک آزادی کو عروج پر لے جانے کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں کشمیریوں کی ان قربانیوں کو آپس کے اختلافات کے ذریعے ضائع نہ کیا جائے کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جاسکتی بھارتی کو ہر حال میں کشمیر سے اپنا جبری قبضہ ختم کرنا ہو گا اور وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرکے رہیں گے کشمیری عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ بھارت کے جبری قبضے کو قبول نہیں کرینگے ہماری تاریخ گواہ ہے کہ جسم پر تو قبضہ کیا جاتا رہا لیکن روح پر کبھی نہیں کیا جاسکتا۔وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر وک رب العزت نے بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال کیا ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ عوام کا پیسہ اور ریاستی وسائل امانت سمجھ کر استعمال کریں غیر ذمہ داری اور سرکاری وسائل کو شیر مادر سمجھ کر ہڑپ کرنے کی اجازت قطعی طور پر نہیں دی جاسکتی