خبرنامہ کشمیر

عوام تقسیم کشمیر کی سازش کو ناکام بنانے کیلئے ہمارا ساتھ دیں: بیرسٹر سلطان

کراچی (ملت آن لائن + آئی این پی) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام تقسیم کشمیر کی سازش کو ناکام بنانے کے لئے ہمارا ساتھ دیں کیونکہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے سے ہمارا کیس ختم ہو کر رہ جائے گا ۔ ملک سے کرپشن کے خاتمے لئے لئے عوام عمران خان کا ساتھ دیں اور آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کو کامیاب کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔پی ٹی آئی کشمیر کے کارکن اس سلسلے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ میں کراچی کے غیور عوام کے سامنے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں ہم انکی اس جدوجہد میں انکے شانہ بہ شابہ ہیں۔بھارت بندوق اور سنگینوں کے زور پر کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو نہیں دبا سکتا۔ بھارت مقبوضہ کشمیر کے عوام پر مظالم بند کرے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں کراچی کے جناح لان کے سبزہ زار میں پی ٹی آئی کشمیر کے زیر اہتمام ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس سے قبل جب بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جلسہ گاہ پہنچے تو انکا شاندار خیر مقدم کیا گیا۔ ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور اس موقع پر آتش بازی کا زبردست مظاہرہ کیا گیااور آزادی کے دو نشان عمران خان اور بیرسٹر سلطان، کشمیریوں کے سلطان، بیرسٹر سلطا ن،بیرسڑسلطان، جیسے فلک شگاف نعرے لگائے۔اس موقع پر جلسہ عام کی صدارت پی ٹی آئی کشمیر سندھ زون کے صدر سردار مقصود الزمان خان نے کی جبکہ جلسہ عام سے پی ٹی آئی کے ممبر قومی اسمبلی عارف علوی، حلیم عادل شیخ،شمیم سروش نقوی، طاہر شاہ، راجہ اظہر، سردار راشد، سردار سرفراز، عبدالحمید مغل، رفاقت حسین،قاضی اسرائیل،ظہور پیرزادہ،ملک شہزاد اعوان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر عارف علوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر کے عوام نے جو قربانیاں دی ہیں اسکی مثال تاریخ میں نہیں ملتی اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ کشمیریوں کو ضرور آزادی ملے گی۔ہم ہر فورم پر کشمیری عوام کی حمایت کریں گے۔عارف علوی نے اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ہم جب بھی لندن جاتے ہیں تو انکے کا ذکر ہر جگہ کیا جاتا ہے اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے انکی کوششوں کی ہر جگہ تعریف کی جاتی ہے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کشمیر جلد آزاد ہو کر رہے گا۔ ہم کشمیریوں کی آواز ہر جگہ اٹھائیں گے۔سردار مقصود الزمان خان نے کہا کہ کراچی کے کشمیری بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ساتھ ہیں اور وہ عمران خان اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں ساتھ ہیں۔ہم جلد تنظیمی امور مکمل کریں گے۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے حال ہی میں پی ٹی آئی کشمیر کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے مطابق میں نے ہر حلقے میں پی ٹی آئی کشمیر کے کنونشن میں شرکت کا فیصلہ کیا اور آج اگرچہ یہ کراچی کے حلقوں کا کنونشن تھا لیکن یہ ایک بہت بڑا جلسہ عام بن گیا ہے۔جس سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہاں پر پی ٹی آئی کتنی مقبول جماعت بن کر ابھری ہے۔انھوں نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی بڑے زور شور سے شروع ہو ئی اور گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے سے تحریک آزادی پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر، لداخ، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سب کشمیر کی وحدت کی اکائیاں ہیں اورکسی ایک کو بھی علیحدہ کرنے سے ہمارا کیس کمزور ہو کر رہ جائے۔ ہم کسی صورت مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ اور تقسیم کشمیر نہیں ہونے دیں گے۔آج دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی طرف مبذول ہو چکی ہے اور انشا ء اللہ کشمیر جلد آزاد ہو گا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جس نے بھی کشمیریوں کے خون کے ساتھ غداری کی اسے اسکی سزا ملی اور اب نواز شریف کے خلاف پانامہ لیکس کیس کا فیصلہ آنے والا ہے اور جس طرح ہماری قائدعمران خان نے جرائتمندی کے ساتھ نواز شریف کو سب کے سامنے کرپٹ ثابت کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے جیتے گی اورعمران خان پاکستان کے وزیر اعظم بنیں گے۔