خبرنامہ کشمیر

عوام کی شمولیت کے بغیر کوئی بھی شجرکاری مہم کامیاب نہیں ہوسکتی

راولاکوٹ (ملت + آئی این پی) صدر آزادکشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ عوام کی شمولیت کے بغیر کوئی بھی شجرکاری مہم کامیاب نہیں ہوسکتی ۔ محکمہ جنگلات شجرکاری کے متعلق عوام میں شعور اجاگر کرنے کیلئے میڈیا سے رابطہ رکھے ۔ عوام کو جنگلات کی اہمیت و افادیت کے بارے میں آگاہ کیاجائے تاکہ عوام میں شجرکاری سے متعلق شعور اجاگر کیاجاسکے۔ جنگلات کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ، آزادکشمیر کے 42فیصدر قبے پر جنگلات ہیں جو کہ پاکستان کے تناسب سے بہت بہتر ہیں ۔ماوزے تنگ نے 1970کی دہائی میں چین میں فی بندہ پندرہ پودے لگانے کا حکم دیا ، اور اس پر سختی سے عمل بھی کروایا ، 82میں جب میں بیجنگ گیا تو بیجنگ گرد و غبار سے اٹا ہو ا شہر تھا جس میں فضائی آلودگی اپنی انتہاؤں کو چھو رہی تھی لیکن جب 2008میں دوبارہ بیجنگ گیا تو وہ شہر گرد وغبار سے پاک شہر تھا جو کہ کثیر تعداد میں پودے لگانے کے باعث آلودگی سے پاک ہوا ۔ان خیالات کااظہار انہو ں نے جامعہ پونچھ میں جنگلات کے تعاون سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سیمینار کی صدارت وائس چانسلر جامعہ پونچھ ڈاکٹر رسول جان نے کی ،سیمینار سے ڈاکٹر رسول جان کے علاوہ ، سیکرٹری صدارتی امور سردار ظفر خان، ناظم اعلی جنگلات محمد بشیر، ناظم جنگلات خواجہ ممتاز ، ڈی ایف او سردار رفیق خان اور دیگر نے خطاب کیا ۔ ناظم اعلی جنگلات محمد بشیر اور ناظم جنگلات خواجہ ممتاز نے سیمینارکے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آزادکشمیر میں محکمہ جنگلات کو 345ملین روپے مل رہے ہیں جبکہ0 100ملین روپے کی محکمہ جنگلات کی ڈیمانڈ ہے تاکہ آزادکشمیر میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جاسکے ۔ آزادکشمیر میں 67کے بعد سرکاری طور پر شجرکاری کا آ غاز کیاگیا جبکہ 47کے بعد درختوں کی کٹائی اور سمگلنگ شروع ہو گئی تھی ۔درختوں کی کٹائی اور سمگلنگ کو روکنے کیلئے محکمہ جنگلات ہر وقت کوشاں ہے لیکن وسائل کی کمی اس میں رکاوٹ ہے ۔اس موقع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے محکمہ جنگلات کی کارکردگی کو سراہا اور کم وسائل میں شجرکاری اور شجرپروری کے متعلق بہترین اقدامات کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہہ آدمی کواپنے حصے کے پندرہ پودے لگانے چائییں تاکہ ہمار ی آنے والی نسلوں کو صاف ستھرا ماحول میسر آسکے۔ انہو ں نے جامعہ پونچھ کے طلبہ سے کہا کہ وہ اچھے طالب علم بنیں تاکہ انہیں اچھے استاد میسر آسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کے نئے وائس چانسلر ڈاکٹر رسول جان جامعہ پونچھ کو بہت جلد ملک کی صف اول کی جامعات میں شامل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے ۔طلبہ وطالبات اپنے والدین اور اساتذہ پر اعتماد کریں تاکہ انہیں اپنے آپ پر اعتماد مل سکے ۔