خبرنامہ کشمیر

عورت ہی مثالی خاندان اور معاشرے کی تشکیل کرتی ہے: فاروق حیدر

مظفرآباد (ملت + آئی این پی) وزیراعظم آزادکشمیر و صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ایک تعلیم یافتہ ،باصلاحیت،سمجھداراور سلیقہ شعارعورت ہی مثالی خاندان اور معاشرے کی تشکیل کرتی ہے ،تحریک آزادی کشمیر میں کشمیری خواتین کا کردار قابل فراموش ہے ،آزادکشمیر کی ترقی ،خوشحالی کا خواب خواتین کی تمام شعبہ جات میں بھرپور شرکت کے بغیر ممکن نہیں ،ریاست کی نصف آبادی کو ترقی کے عمل میں شامل کیے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں ،ریاستی خواتین کو برابری کی بنیاد پر مواقعوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے آزاد خطہ کی خواتین کو بااختیار بنانے اور فیصلہ سازی میں ان کی شمولیت یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات کرینگے بلدیاتی انتخابات میں خواتین اور نوجوانوں کے لیے پچیس فیصد کوٹہ مختص کیا،فیملی کورٹس کی تشکیل،لاء کمیشن کی بحالی کے ساتھ ساتھ ڈپٹی کمشنر دفتر میں خاتون وکیل کا بھی تقرر کیا جارہا ہے تاکہ مسائل زدہ خواتین کو فوری اور بروقت انصاف فراہم کیا جاسکے ، حکومت آزادکشمیر خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے سنجیدہ ہے ریاست میں ایسا ماحول فراہم کیا جائیگا جس میں خواتین آزادانہ طورپر کام کر سکیں ،عالمی یوم خواتین کے موقع پر اپنے جاری کر دہ بیان اور وزیراعظم ہاوس میں مختلف شعبہ ہاے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوے کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ خاندان کی تشکیل میں عورت کا بنیادی کردار ہوتا ہے میری والدہ ایک باہمت خاتون تھیں جنہوں نے نامساعد حالات کا مقابلہ کیا مگر کبھی ہمت نہیں ہاری،ہماری پرورش اور تعلیم و تربیت میں ان کا بنیادی کردار ہے وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری خواتین نے جدوجہد آزادی میں مردوں کے شانہ بشانہ مردانہ وار حصہ لیا اور قربانیوں کی لازوال داستانیں رقم کیں ،ہندوستانی قابض افواج نے ایک قصبے میں سولہ سال سے لیکر ساٹھ سال تک کی خواتین کی اجتماعی آبروریزی کی مگر ان کی ہمت اور حوصلے کے آگے دنیا کے تمام ہتھیار اور ہتھکنڈے مات کھا گئے راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ اسلام میں عورت کو جو مقام اور مرتبہ دیا گیا ہے وہ کسی دوسرے مذہب میں نہیں اسلام نے ہی عورت کو حقوق دیے اور ان کا تعین کیا ،ہمیں اسلامی تعلیمات کے مطابق خواتین کو جائیداد میں حصہ دینا چاہیے اس عمل کو یقینی بنانے کے لیے حکومت اقداما ت اٹھا رہی ہے انہوں نے کہا کہ آزاد حکومت خواتین کو بااختیار اور انہیں معاشرے کا کارآمد حصہ بنانے میں سنجیدہ ہے اس مقصد کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرینگے ،خواتین کو روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان کے لیے ہنرمندی کے مراکز کا قیام اور پہلے سے موجود اداروں کو بہتر بنائیں گے آزادکشمیر میں تعلیم کے میدان میں طالبات ،طلبہ سے آگے ہیں جو کہ خوش آئیند اور حوصلہ افزا ہے ہمارے مذہب میں عورت کو ہر حیثیت میں نمایاں مقام اور عزت و مرتبہ حاصل ہے