خبرنامہ کشمیر

غلام محی الدین ڈار کے گھر پر چھاپے اور عبدالغنی بٹ کی گرفتاری کی شدیدمذمت

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں و کشمیر نے پارٹی رہنماؤں عبدالغنی بٹ اور حاکم الرحمن سلطانی کی گرفتاری اور نادی ہل میں غلام محی الدین ڈار کے گھر پر چھاپے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے عبدالغنی بٹ کو سوپورمیں احاطہ عدالت سے اُس وقت گرفتار کیا جب وہ ایک مقدمے کی سماعت کے سلسلے وہاں موجود تھے ۔انہوں نے کہاکہ پولیس حالیہ عوامی تحریک کے دوران سرگرم کردار ادا کرنے اور جموں و کشمیر پر بھارت کے جبری قبضے کے خلاف پُر امن مہم چلانے پر عبدالغنی بٹ کی گرفتاری کیلئے کئی ماہ سے چھاپے مار رہی تھی ۔ انہوں نے کہاکہ پولیس نے ان کے خلاف انتقامی کاروائیوں کے دوران انکے گھر کوتباہ اور لاکھوں روپے مالیت کی جائیداد کو نقصان پہنچایا ہے اور لوٹ مار کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ان پر دباؤ بڑھانے کیلئے ان کے داماد اور انکے بڑے بھائی کو بھی گرفتار کرلیاگیا ہے ۔تاہم ترجمان نے کہاکہ اس طرح کے ہتھکنڈوں کے ذریعے بھارت اور اسکی قابض فورسز کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہاکہ پولیس نے عبدالغنی بٹ کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے ۔