خبرنامہ کشمیر

غیرقانونی طورپر نظربند حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کامطالبہ

غیرقانونی طورپر نظربند حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کامطالبہ
سرینگر:(ملت آن لائن)مقبوضہ کشمیرمیں تحریک حریت جموں و کشمیر نے شاہ ولی محمدسمیت پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی اور گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شاہ ولی محمد کی غیر قانونی نظربندی اور پارٹی رہنماؤں شمیم احمد، طارق احمد ملک، بشیر احمد بویا اور غلام جیلانی کی گاندربل میں اور فیاض احمدکی کنگن میں گرفتاریوں اوردیگر حریت پسندوں کے گھروں پر چھاپوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیاجاسکتا ۔ انہوں نے کہاکہ شاہ ولی محمد 85سال کے بزرگ ہیں اورانکی اہلیہ کینسر کے مہلک مرض میں مبتلا ہیں جبکہ بیٹی جسمانی طور مفلوج ہے اور وہ خود بھی کئی عارضوں میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی پولیس انہیں مسلسل سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہی ہے اور انہیں ایک شہید کشمیری نوجوان کی نماز جنازہ پڑھانے کے جرم میں گزشتہ ایک ہفتے سے پولیس اسٹیشن میں نظربند کررکھا ہے جوکہ انتہائی غیر انسانی اور غیر اخلاقی اقدام ہے۔ تحریک حریت کے ترجما ن نے شاہ ولی محمدسمیت غیر قانونی طورپر نظربند تما م حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ قابض انتظامیہ کو حقائق کا ادراک کرتے ہوئے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کییلئے اقدامات کرنے چاہیں اور مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی پس منظر میں حل کئے جانے سے ہی خطے میں پائیدار امن و استحکام قائم ہوسکتا ہے۔