خبرنامہ کشمیر

غیر قانونی نظر بندی پر اظہار تشویش

سرینگر۔: (ملت+اے پی پی) \مقبوضہ کشمیر میں کشمیر تحریک خواتین کی سربراہ زمرودہ حبیب نے شبیر احمد شاہ اور دیگر حریت رہنماؤں کی مسلسل غیر قانونی نظر بند ی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نظر بندوں کو علاج معالجے سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق زمرودہ حبیب نے شبیر احمد شاہ اور بلال احمد صدیقی کے ساتھ سرینگر کے راجباغ تھانے میں ملاقات کے بعد میڈیا کے لیے جاری بیان میں کہا کہ مسلسل نظر بندی کے باعث سینئر حریت رہنما کی صحت انتہائی گر چکی ہے اور وہ بلند فشار خون میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’سیاسی نظر یات کی جنگ‘‘ کی باتیں کرنے والوں نے ایک مخصوص نظریہ رکھنے والوں کا جینا حرام کر رکھا ہے۔ زمرودہ حبیب نے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ آزادی پسندوں کی آواز کو دبانے کی بھر پور کو شش کر رہی ہے لیکن وہ اپنے مذموم منصوبوں میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گی۔زمرودہ حبیب نے کہا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی مخلوط کٹھ پتلی حکومت نے گزشتہ چار ماہ کے دوران نہتے کشمیریوں پر مظالم کی انتہا کر دی ہے اور سو سے زائد کشمیریوں کوقتل ، ہزاروں کو زخمی کرنے کے علاوہ حریت رہنماؤں اور کارکنوں سمیت نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کو تھانوں، جیلوں اور تفتیشی مراکز میں پہنچا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے جسے سیاسی طریقے سے ہی حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جبر و استبداد کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ شہداء کے مقدس مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔ زمرودہ حبیب نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔