خبرنامہ کشمیر

فاروق توحیدی کا نظر بندکشمیریوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں مسلم پولٹیکل لیگ جموں کشمیر کے چیئرمین فاروق احمد توحیدی نے جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش ظاہر کی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فاروق احمد توحیدی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ چند روز قبل ڈسٹرکٹ جیل بارہمولہ سے معراج الدین شیرگوجری،محمد یونس کھانڈے، نثار احمد شاہ ۔محمد آصف ڈار اور عمر اشرف خان نامی نظربندوں کو جموں خطے کی جیلوں میں منتقل کیا گیاجہاں انہیں جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور انہیں طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے ۔فاروق احمد توحیدی نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی ، مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد اشرف صحرائی آسیہ اندرابی، ،فہمیدہ صوفی، ایاز اکبر،نور محمد کلوال ،شوکت احمد بخشی،بلال صدیقی،عبدالرشید حکیم ،محمد رفیق گنائی ،عبدالاحد پرہ اور دیگر حریت رہنماؤں کو مسلسل گھروں ، تھانوں اور جیلوں میں نظر بند رکھا گیا ہے جبکہ انسانی حقوق کے کارکن خرم پرویز کو بھی گرفتار کرکے کوٹ بھلوال جیل میں نظر بند کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ناقص اور غیر معیاری غذا کے سبب بیسیوں نظر بند بیماریوں میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ انہوں نے ایمنسٹی انٹرنیشنل ، ایشاء واچ ،ریڈ کراس اور ا نسانی حقو ق کی دیگر عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظر بندوں کی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے انکی رہائی کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔ دریں اثنا فاروق احمد توحیدی نے شہید غلام محمد خان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا جو سرینگر میں بھارتی فورسز کی طرف سے چلایا گیا آنسو گیس کا گولہ سرمیں لگنے سے زخمی ہو گئے تھے اور بعد ازاں ہسپتال میں دم توڑ گئے۔