خبرنامہ کشمیر

فاروق حیدر سے راجہ نجابت حسین کی ملاقات

اسلام آباد(ملت + آئی این پی) جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت یورپ کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے یہاں کشمیر ہاؤس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر اور صدر مسلم لیگ ’’ن‘‘ آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے ملاقات کی ۔تقریبا ایک گھنٹہ جاری رہنے والی اس ملاقات میں راجہ نجابت نے وزیر اعظم کو برطانیہ اور یورپ میں تحریک کی سرگرمیوں ،گزشتہ دو ماہ سے برطانوی اور یورپین پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پرممبران پارلیمنٹ اور شیڈو وزراء سے رابطوں ، لندن میں ہونے والے مظاہروں کی تفصیلی بریفننگ دی ۔ انہوں نے وزیر اعظم کو جنوری 2017میں برطانیہ کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی جو وزیر اعظم نے قبول کرتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے تحریک حق خودارادیت کے کام کو سراہتے ہوئے اس جدو جہد کو سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کرپوری قوت سے جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ’’ن‘‘ کی نئی حکومت خطے کی بلا تخصیص تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کشمیر کو موثر بنیادوں پر منظم کرنے کیلئے بھرپور توجہ دے رہی ہے اور اس مقصد کیلئے بیرون ممالک تارکین وطن کی خدمات سے مکمل استفادہ حاصل کیا جائے گا۔تحریک کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے مستقبل میں یورپ پارلیمنٹ اور برطانوی ہائس آف کامن میں مسئلہ کشمیر کو اجا گر کرنے کیلئے تحریک کی طرف سے ترتب دیئے گئے پروگراموں سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کیا ۔ راجہ نجابت نے کہا کہ تحریک میں تمام سیاسی مکاتیب فکر کے رہنما اور کارکنان شامل ہیں جو اس کے پلیٹ فارم سے یورپ کے اندر تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی اور ہندوستانی مظالم کو بے نقاب کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار اد ا کر رہے ہیں۔