خبرنامہ کشمیر

فاروق رحمانی کا کشمیری سیاسی نظر بندوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

فاروق رحمانی کا کشمیری سیاسی نظر بندوں کی حالت زار پر اظہار تشویش
اسلام آباد:(ملت آن لائن) جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے بھارتی جیلو ں میں مقید کشمیری سیاسی نظر بندوں کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکام حق خود ارادیت کے مبنی برحق مطالبے کی پاداش میں کشمیریوں کو بڑے پیمانے پر غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ علاقے اور مختلف بھارتی جیلوں میں نظر بند کشمیریوں پر تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جموں خطے کی کوٹ بھلوال جیل میں نظر بند پیپلز فریڈم لیگ کے جنرل سیکرٹری محمد رمضان خان ایک عرصے سے دمے کے مرض میں مبتلا ہیں لیکن اس کے باوجود انہیں طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے جس کے باعث ان کی صحت مزید بگڑ چکی ہے۔ انہوں نے نئی دلی کی تہاڑ میں سید صلاح الدین کے بیٹے شاہد یوسف سمیت اٹھارہ نظر بندوں کی مار پیٹ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تامل ناڈو پولیس کی اس وحشیانہ کارروائی کے باعث کشمیریوں میں غم و غصے کی لہر پھیل گئی ہے۔ محمد فاروق رحمانی نے ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی ابتر صورتحال خاص طور پر جیلوں میں کشمیری نظر بندوں کے ساتھ روا رکھنے جانے والے بہیمانہ برتاؤ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اپنی ٹیمیں مقبوضہ علاقے میں بھیجیں۔ محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر ایک پرانا حل طلب تنازعہ ہے لہذا اسے اس بات کا حق ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت سے جواب طلب کرے۔