خبرنامہ کشمیر

فریدہ بہن جی کی کشمیری نوجوان کو گرفتارکرنے کی مذمت

فریدہ بہن جی کی کشمیری

فریدہ بہن جی کی کشمیری نوجوان کو گرفتارکرنے کی مذمت

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں جموں و کشمیر ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے دہلی کے لال قلعے پر سترہ سال قبل ہونے والے حملے کے الزام میں سرینگر کے ایک نوجوان تاجر بلال احمد کاوا کو گرفتارکرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری نوجوانوں کا قافیہ حیات تنگ کرنے کیلئے نت نئے بہانے تراشے جارہے ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ماس مومنٹ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ فریدہ بہن جی کی سربراہی میں پارٹی کاایک وفد بلال احمد کاواکے گھر گیا اور اہل خانہ باالخصوص ان کے والدین سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہاکہ وفد میں مولوی بشیر عرفانی،محمودہ باجی اور عبدالرشید لون شامل تھے۔بیان کے مطابق اس موقع پر فریدہ بہن جی نے کہا کہ بھارتی ریاستوں میں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتارکرنا اور انہیں جھوٹے کیسوں میں پھنسانا اگر چہ نئی چیزنہیں تاہم اس میں روزافزوں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری تاجروں، طلباء اور بھارتی ریاستوں میں کام کرنے والے دیگر کشمیریوں کو پریشان اور ہراساں کرناایک معمول بن چکا ہے۔ فریدہ بہن جی نے بلال احمدکاوا کوفوری طور رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔ فریدہ بہن جی نے جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش کا ظہار کرتے ہوئے شبیر احمد شاہ،نعیم احمدخان،فاروق احمد ڈار، الطاف احمد شاہ،ایاز اکبر، پیرسیف اللہ اورراجہ معراج الدین کلوال سمیت تمام نظر بند کشمیریوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں۔