خبرنامہ کشمیر

قابض انتظامیہ نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں، حریت فورم

قابض انتظامیہ نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں، حریت فورم

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں بلاجواز پابندیوں ، میر واعظ عمر فاروق اور دیگر حریت رہنماؤں کی نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض انتظامیہ نے کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق سلب کر رکھے ہیں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت فورم کے ترجما ن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جب مقبوضہ علاقے میں کہیں کوئی واقعہ رونما ہوتا ہے تو سرینگر میں فوری طور پر کرفیو جیسی پابندیاں لگائی جاتی ہیں اور حریت رہنماؤں کو گھروں ،تھانوں اور جیلوں میں نظر بند کر دیا ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ترجمان نے کہا کہ میر واعظ عمر فاروق گزشتہ دو ہفتے سے گھر میں نظر بند ہیں اور انہیں جمعہ کی نماز بھی ادا نہیں کرنے دی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ کا یہ طرز عمل سراسر انتقام گیری پر مبنی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت میر واعظ اور دیگر مزاحمتی رہنماؤں کی سیاسی سرگرمیوں پر پابندی عائد کر رہی ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گی۔ انہوں نے حریت رہنمامختار احمدوازہ کی رہائی کے فوراً بعد دوبارہ گرفتاری کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبایا نہیں جاسکتااور وہ شہداء کے عظیم مشن کی تکمیل تک اپنی جد وجہد جاری رکھیں گے۔ ترجمان نے حریت رہنما محمد یوسف ندیم کے قتل پررنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے ۔ محمد یوسف ندیم کو نامعلوم مسلح افراد نے بڈگام کے علاقے چرن گام میں پیر کے روز گولی مارکرقتل کردیاتھا۔ترجمان نے حریت رہنما انجینئر ہلال احمد وار کی چچی کی وفات پر بھی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت کی دعا کی ہے۔