خبرنامہ کشمیر

قاتلوں کیخلاف کارروائی نہ کی گئی توسنگین نتائج سامنےآئیں گے ،انجینئررشید

سرینگر :(اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد اسمبلی کے رکن اور عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دو کشمیری نوجوانوں مصیب مجید اور نصیر احمد کے حالیہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ اگر قتل میں ملوث بھارتی فوج کی سینٹرل ریزروپولیس فورس کے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی نہ کی گئی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر رشید نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں سنونی کے طالب علم مصیب مجیداور سیر ہمدان کے نصیر احمد کے قتل کوانتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے نوجوانوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ تھمانے کا وعدہ تو کیا تھا لیکن عملا انہوں نے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام اورنسل کشیُ کی کھلی چھوٹ دی ہے۔ انجینئر رشید نے کہاکہ لگتا ہے کہ مودی لیپ ٹاپ کی بات تو کرتے تھے لیکن تب سے اب تک نوجوانوں کو براہ راست نشانہ بنانے کی مکمل چھوٹ دی گئی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واڈورہ واقعہ میں ملوث سی آر پی ایف اہلکاروں کے خلاف فوری طورایف آئی آر درج کر کے کاروائی شروع کی جائے۔