خبرنامہ کشمیر

قانون ساز اسمبلی کا ادارہ ریاست بھر کے اداروں کے لیئے مثالی ہونا چاہیے: شاہ غلام قادر

مظفرآباد (لت + آئی این پی) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ قانون ساز اسمبلی کا ادارہ ریاست بھر کے اداروں کے لےئے مثالی ہونا چاہےئے۔ آئندہ غیر حا ضری اور سُستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ نیز آفیسران اپنے ماتحت شعبہ جات میں حاضری کو یقینی بناتے ہوئے اپنے فرائض کی ادائیگی میں بھرپور کردار ادا کریں۔ رزق اللہ پاک کی جانب سے خصوصی عنائت ہے اس کو حلال کر کے خود بھی اور بچوں کو بھی کھلائیں۔ اس سے بہتری آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے اپنی صدارت میں بی۔18 و بالا آفیسران اسمبلی کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری اسمبلی چوہدری بشارت حسین سمیت سینئر آفیسران نے بھرپور شرکت کی۔ سپیکر اسمبلی نے کہا کہ سیکرٹری اسمبلی ادارے میں حاضری کو بہتر بنائیں اور ہر شعبہ فعال ہونا چاہےئے۔ تمام ذمہ دار آفیسران کو توجہ دینا پڑے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ جلد ہی بائیو میٹرک سسٹم متعارف کروائیں گے تاکہ حاضر رہنے والے آفیسران و ملازمین ہی تنخواہیں و مراعات حاصل کر سکیں۔ دریں اثناء سپیکر اسمبلی نے گزشتہ روز اسمبلی سیکرٹریٹ کے جُملہ شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا ۔ سپیکر اسمبلی نے کہا کہ حیلے بہانے نہیں چلیں گے۔ فرضی درخواستیں تسلیم نہیں ہونگی۔ آئندہ بہتری کی جا ئے۔ غیر حاضر رہنے والے آفیسران و اہلکاران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شعبہ جات کے سیینئرآفیسران نے سپیکر اسمبلی کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ بہتری کی جائے گی اور شکایت کا موقع نہیں ملے گا۔