خبرنامہ کشمیر

لائن آف کنٹرول پر نہتے افراد بھارتی جارحیت کا نشانہ بن رہے ہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر

لائن آف کنٹرول

لائن آف کنٹرول پر نہتے افراد بھارتی جارحیت کا نشانہ بن رہے ہیں، وزیراعظم آزاد کشمیر

اسلام آباد (ملت آن لائن) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر نہتے افراد بھارتی جارحیت کا نشانہ بن رہے ہیں، بھارت کا اس جارحیت کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم پر پردہ ڈالنا ہے، کشمیری پاکستان کو اپنا مسیحا اور دوست سمجھتے ہیں۔ پیر کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے زیراہتمام نیشنل سیکورٹی و وار کورس کے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت سے پاک بھارت جنگ چھڑ سکتی ہے۔ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں اپنے انسانیت سوز مظالم اور جرائم کو چھپانا ہے۔ مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے۔ پاکستان نے آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے لئے ہر دور میں وافر فنڈز فراہم کئے۔ انہوں نے کہا کہ ہر قدرتی آفت میں پاکستانی عوام نے کشمیریوں کی بے مثال مدد کی۔ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ ہندوستان کی سات لاکھ فوج وادی میں بچوں، بوڑھوں اور عورتوں کو قتل کر رہی ہے۔ کشمیریوں کو معذور اور اپاہج بنانے کے لئے پیلٹ گنز جیسے مہلک ہتھیار استعمال کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں امن کا راستہ کشمیر سے ہو کر گذرتا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر کا مسئلہ حل کئے بغیر حالات معمول پر نہیں آ سکتے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل ہی اس مسئلے کا حل ہے۔