خبرنامہ کشمیر

لاکھوں شہداء کے مشن کو ہرقیمت پر منطقی انجام تک پہنچائیں گے، فاروق رحمانی

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے تحریک آزادی کشمیر کے ممتاز رہنماؤں محمدمقبول بٹ اور محمد افضل گورو کوانکی شہادت کی برسیوں پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری اپنے ان عظیم شہداء کے حق خود ارادیت اور آزادی کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیا ن میں کہا کہ محمد مقبول بٹ اور محمدافضل گورو کشمیر کے عظیم بیٹے تھے جنہیں بھارت نے حق بات کہنے کی پاداش میں نئی دلی کی تہاڑ جیل میں تختہ دار پر چڑھایا اور انکے اجساد خاکی تمام انسانی عالمی اصول نظر انداز کرتے ہوئے جیل کے احاطے میں دفن کر دیے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ دونوں شہداء کی میتوں کو تاحال انکے اہلخانہ اور کشمیریوں کے حوالے نہیں کیاگیا۔ محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ اس حوالے سے بھارت انتہائی غیر انسانی رویہ اختیار کیے ہوئے ہے جس وجہ سے دونوں شہداء کے اہلخانہ انتہائی ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ بھارت کو مجبور کرے کہ وہ محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی میتیں انکے اہلخانہ کے حوالے کرے۔ محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ بھارت جو کچھ مقبوضہ کشمیر میں کر رہا ہے وہ اسکی جمہوریت پر ایک بدنما دھبہ ہے جبکہ جارحانہ بھارتی رویے کے سبب پوری دنیا کا امن سنگین خطرے سے دوچار ہے