خبرنامہ کشمیر

لبریشن فرنٹ کا نوجوان کو خراج عقیدت اور لواحقین سے اظہار یکجہتی

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں و کشمیر کا ایک وفد بھارتی فورسز کی گاڑی کی ٹکر سے شہید ہونے والے 21سالہ رضوان احمدکے لواحقین سے اظہار تعزیت کے لیے نور باغ سرینگر میں ان کے گھر گیا اورپارٹی چےئرمین سید علی گیلانی کا تعزیتی پیغا م ان تک پہنچایا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق وفدمیں اشفاق احمد، عمر عادل ڈار، غازی جاوید بابا اور سجاد احمد شامل تھے۔ اس موقع پر عمر عادل ڈار نے اہل خانہ کے ساتھ اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز کی کشمیر میں موجودگی ہی کشمیری عوام بالخصوص نوجوانوں کے قتل عام کا سبب بنی ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ بارود، گولیوں، پیلٹ گنوں، ٹئیرگیس، پاواشل، لاٹھی چارج اور فوجی گاڑیوں سے نشانہ بناناکشمیر ی عوام کا مقدر بنایا گیا ہے اور ستم ظریقی یہ ہے کہ جموں وکشمیر دنیا کا واحد بدنصیب خطہ ہے جہاں جنازوں اور میتوں پر بھی پیلٹ گنوں، گولیوں اور ٹئیرکیس شلوں کابے تحاشا استعمال کیا جارہا ہے۔ ادھر تحریک حریت نے اتھورہ کریری، بہرام پورہ رفیع آباد، نارہ بل اور ٹہاب پلوامہ میں بھارتی فورسز کی طرف سے مکانات کی توڑ پھوڑ اور درجنوں افراد کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھونس ودباؤ، ظلم وتشدد، توڑ پھوڑ اور گرفتاریوں سے عوامی احتجاج کو خاموش نہیں کیا جاسکتا بلکہ اس کے نتیجے میں پھوٹنے والے لاوے کو دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی ہے۔ دریں اثناء جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے نائب صدر نے بھی شہید ہونے والے نوجوان رضوان احمد کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔