خبرنامہ کشمیر

لوگ راشن، بجلی کیلئے ترس رہے ہیں:انجینئر رشید

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد اسمبلی کے رکن انجینئر رشید نے کہا ہے کہ اگرآزاد کشمیر میں پاکستانی پرچم کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر کاجھنڈا لہرایا جاسکتا ہے تومقبوضہ کشمیر میں ریاست کا جھنڈا کیوں نہیں لہرایا جاسکتا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انجینئر شید نے کرناہ کے دورے کے دوران ڈاک بنگلہ ٹنگڈار میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیرمیں کرناہ سے پونچھ تک کنٹرول لائن کی ہر پوسٹ پرسبز ہلالی پاکستانی کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر کا جھنڈا لہراتا نظر آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن کے دوسری طرف نہ صرف وہاں کا اپنا وزیر اعظم ، صدر اور پرچم موجود ہے بلکہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے مقابلے میں اْن کو زندگی کی بے حد زیادہ بنیادی سہولیات میسر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کو غلام کشمیر کہنے والے بھارتی رہنماؤں اور کشمیر میں اْن کے آلہ کاروں سے پوچھا جا سکتا ہے کہ جہاں اہل کرناہ اور کنٹرول لائن کے نزدیک رہنے والے دیگر لوگ راشن، بجلی اور سڑک سے لیکر پانی تک کیلئے ترس رہے ہیں وہاں جبری الحاق کے بعد ریاست کو حاصل خودمختاری کس نے اور کیونکرکشمیریوں سے چھین لی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی جھنڈے کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر کے جھنڈے کا لہرانا اس سوال کا جواب ہے کہ غلام کشمیر کون اور آزاد کشمیر کون ہے۔