خبرنامہ کشمیر

ماس موومنٹ کا شہید سجاد کینو کو شہادت کی برسی پر خراج عقیدت

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جموں کشمیر ماس مومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے شہید سجاد احمد کینو کو انکی شہادت کی21ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فریدہ بہن جی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ سجاد احمد کینو نے اپنی زندگی تحریک آزادی کے لیے وقف کر دی تھی اور انہوں نے کھبی بھی میدان کارزار میں تھکن محسوس نہیں کی اور نہ ہی انکے حوصلے پست ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں اور بھارت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ جبر واستبداد کے ذریعے ان کے جذبہ آزادی کو دبا سکے گا۔ شہید کی برسی کے سلسلے میں ماس موومنٹ کے زیر اہتمام ایک دعائیہ تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا ۔ تنظیم کے چیئرمین مولوی بشیر عرفانی نے اس موقع پر شہید سجاد کینو اور دیگر شہدائے کشمیر کے حق میں فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر ماس مومنٹ کے جنرل سیکریٹری پرنس سلیم ،چیف آرگنائزر عبدالرشید لون،عبدالطیف،زاہد احمد،شوکت احمد،سمیر احمد،محمد اقبال وانی اور دیگر موجود تھے ۔ماس مومنٹ نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں گزشتہ روز بڈگام میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوان مظفر احمد نائیکو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے عظیم مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال صدیقی نے ایک بیان میں سجاد احمد کینو کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام بھارت تسلط سے نجات کی جدو جہد میں اپنی قیمتی جانیں قربان کرنے والے نوجوانوں کو ہرگز فراموش نہیں کریں گے ۔ بلال صدیقی نے کہا کہ بھارت نہتے کشمیریوں کے قتل سے تحریک آزادی کو ہرگز نہیں دبا سکتا۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے روز بہ روز بگڑتی ہوئی صوتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق، حق خودا رادیت دلانے میں کردار ادا کرے۔