خبرنامہ کشمیر

محمد افضل گورو کی پھانسی بھارتی جمہوریت کے چہرے پر ایک بدنما دھبہ ہے، دل خالصہ

سرینگر (ملت + اے پی پی) سکھ تنظیم’’ دل خالصہ‘‘ نے کہا ہے کہ کشمیری آزادی پسند رہنما محمد افضل گورو کی پھانسی بھارتی جمہوریت کے چہرے پر ایک بدنما دھبہ ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دل خالصہ کے رہنما ایچ ایس دامی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے افضل گورو کو چار برس قبل خفیہ طریقے سے پھانسی پر چڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں کی طرف سکھ بھی آزادی کے لیے شہادت کو گلے لگانے والے کشمیر کے اس بیٹے کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی شہادت اللہ تعالیٰ کی نعمت اور بھارتی جبر واستبداد کے خلاف مزاحمت کی علامت ہے جسے تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ محمد افضل گوروکوبھارتی پارلیمنٹ پر حملے کے جھوٹے مقدمے میں 9فروری2013کو نئی دلی کی تہاڑ جیل میں پھانسی دیکر انکی میت کو جیل کے احاطے میں ہی دفن کردیاگیاتھا۔