خبرنامہ کشمیر

مسئلہ کشمیربھارت کی وعدہ خلافیوں کا نتیجہ ہے، انجینئررشید

سرینگر: (ملت+ اے پی پی)مقبوضہ کشمیرمیں نام نہاد اسمبلی کے رکن اورعوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے بھارتی پولیس کی طرف سے سیدعلی گیلانی کے بیٹے ڈاکٹر نعیم گیلانی کو حراست کے دوران ہراساں کرنے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ حریت چیئرمین کے فرزند ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجینئر رشید نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ڈاکٹر نعیم گیلانی کو ہراساں کرنے سے بھارت کو کچھ فائدہ ملنے والا نہیں ہے کیونکہ1947سے لیکر آج تک کشمیر میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ کسی شخص، تنظیم یا گروہ کی تخلیق نہیں بلکہ ہندوستان کی بے پناہ وعدہ خلافیوں کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کے علمبردار خرم پرویز کو بغیر کسی جرم کے گرفتار کرکے بھارت مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر جاری پامالیوں کے بارے میں عالمی برادری کو آگاہ کرنے کی کوششوں کو روک نہیں سکتا ۔