خبرنامہ کشمیر

مسئلہ کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے، سید علی گیلانی

مسئلہ کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے، سید علی گیلانی

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے مسئلہ کشمیر کا آبرومندانہ حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ جنگ وجدل، قتل وغارت اور قیدوبند کی جابرانہ کارروائیوں سے قیمتی انسانی زندگیوں اور املاک کے زیاں کے سوا کچھ حاصل نہیں کیا جاسکتا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مسئلہ کشمیر کو ایک زندہ حقیقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام بھی دیگر مہذب اور ترقی یافتہ اقوام کی طرح ایک انسانی مخلوق ہیں جو اپنے انسانی حقوق کے ساتھ ساتھ حقِ خودارادیت کا مطالبہ گزشتہ 70سال سے کرتے آئے ہیں۔انہوں نے بھارتی جیلوں میں نظربندکشمیریوں کے حقوق پامال کئے جانے پر گہری تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ اپنے جائز سیاسی حقوق کی بازیابی کے لیے پُرامن جدوجہدکرنے والے سیاسی راہنماؤں اور کارکنوں کو بے بنیاد اور فرضی الزامات کے تحت جیلوں میں نظربند کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور بھارت کی جیلوں باالخصوص تہاڑ، جودھپور اورکولکتہ میں نظربند کشمیریوں کے ساتھ جیل حکام کی طرف سے متعصبانہ اور ظالمانہ سلوک انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان جیل خانوں میں نظربند کشمیریوں کو آئے روز تلاشی کے نام پر ہراساں کیا جارہا ہے اور غیر معیاری غذا کھانے پر مجبور کیا جارہا ہے جبکہ انہیں مناسب طبی سہولیات سے بھی محروم رکھا جارہا ہے۔ حریت چےئرمین نے ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظربندوں کی زندگیاں بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔سید علی گیلانی نے کہا کہ تہاڑ جیل میں نظربند حریت رہنما شبیر احمد شاہ، ڈاکٹر غلام محمد بٹ، ایاز اکبر، الطاف احمد شاہ، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، نعیم احمد خان، فاروق احمد ڈار، شاہدالاسلام، کامران یوسف، جاوید احمد، محمد اسلم وانی ،ظہور احمد وٹالی اور مظفر احمد ڈار کو طبی امداد کی سخت ضرورت ہے لیکن جیل حکام اپنے ہی ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل نہ کرتے ہوئے ان کی زندگیوں سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔ حریت چےئرمین نے کہا کہ یہی حال بھارت کی دیگر جیلوں میں بھی ہے۔ انہوں نے بھارتی حکمرانوں پر زوردیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے غیر حقیقت پسندانہ رویہ ترک کرکے اس مسئلے کو پُرامن مذاکرات کے ذریعے حل کرانے کے لیے اقدامات کریں۔انہوں نے کہاکہ ظلم و جبر سے بھارت کو کچھ حاصل ہونے والا نہیں ہے اور نہ کشمیری عوام یا قیادت بھارت کی فوجی طاقت سے مرعوب ہوسکتے ہیں۔