خبرنامہ کشمیر

مسئلہ کشمیر خطے میں امن و استحکام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، حریت فورم

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں میرواعظ عمرفاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے کہاہے کہ حل طلب مسئلہ کشمیر نہ صرف بھارت و پاکستان بلکہ پورے خطے میں امن و استحکام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ان خیالا ت کا اظہار میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں سرینگر میں حریت فورم کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں کیاگیا ۔ اجلاس میں کہاگیا کہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کی وجہ سے خطے کے کروڑوں عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے مسلسل شدید بے چینی اور اضطراب میں مبتلا ہیں۔ اجلاس میں کہا گیاکہ خطے کے سیاسی استحکام اور ترقی کیلئے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے اور یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس خطے کے عوام کی ترقی وخوشحالی اور وہاں قیام امن کیلئے مسئلہ کشمیر کو اس کے تاریخی تناظر میں حل کرنے کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھائے ۔میر واعظ عمر فاروق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھارت ظلم و تشد د اور طاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کی ہرممکن کوشش کر رہا ہے جو کشمیری عوام کو دیوار کے ساتھ لگانے کا مذموم حربہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا اور اپنے سلب شدہ حقوق کی بازیابی کامطالبہ کرنا کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے ۔تاہم بھارت کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے جس بے دردی کے ساتھ طاقت کا وحشیانہ استعمال کر رہا ہے وہ حددرجہ غیر جمہوری اور غیر انسانی عمل ہے۔اجلاس میں مقبوضہ کشمیر، جاری جدجہد آزادی کے علاوہ سیاسی اور تنظیمی صورتحال پر بھی تفصیلی غور وغوض کیا گیا۔ اجلاس میں حریت فورم کے ایگزیکیٹو اراکین پروفیسر عبدالغنی بٹ، بلال غنی لون، محمد مصدق عادل اورمولانا مسرور عباس انصاری نے شرکت کی۔