خبرنامہ کشمیر

مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں، انجینئر رشید

جموں: (ملت+اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں نا م نہاد اسمبلی کے رکن اور عوام اتحا د پارٹی کے سربراہ انجینئر عبدالرشید نے کہا ہے کہ کشمیری عوام تنازعہ کشمیر کا فرقہ وارانہ بنیادوں پر نہیں بلکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انجینئر عبدالرشید نے جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے جموں خطے کے رہائشیوں کو موہن بھاگوت اور دیگر فرقہ پرست ہندو رہنماؤں کی مکروہ سازشوں سے خبر دار رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا بھاگوت اور دیگر انتہا پسندوں کو تسلیم کرنا ہو گا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ ایک متنازعہ علاقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کا واحد حل یہ ہے کہ پورے جموں و کشمیر میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق رائے شماری کرائی جائے تاکہ کشمیری اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کر سکے۔ انجینئر رشید نے کہا کہ جموں وکشمیر کی وحدت کے خلاف سازشوں کو ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔