خبرنامہ کشمیر

مسئلہ کشمیر کا حل خطے کے امن سے وابستہ ہے: حریت

نہتے عوام پر بندوقوں

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے مسئلہ کشمیر پر عالمی برادری کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قانونی ، آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے اور اس مسئلہ کے پائیدار حل سے ہی جنوبی ایشیاء کے خطے کا امن وابستہ ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میرواعظ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کنٹرول لائن اور سرحدوں پر شدید گولہ بار ی اور فائرنگ کے مسلسل واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ہمسایہ جوہری طاقتیں ایک ایسی جنگ کی طرف بڑھ رہی ہیں جس کے نتائج انتہائی بھیانک اور تباہ کن ہو سکتے ہیں اور اسکی لپیٹ میں پورا خطہ آسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی لحاظ سے دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان کشیدگی اور مخاصمت کی بنیادی وجہ حل طلب دیرینہ مسئلہ کشمیر ہے اور اسی تنازعے کی وجہ اب تک دونوں کے درمیان تین تباہ کن جنگیں ہو چکی ہیں۔میرواعظ نے کہا کہ بھارت اورپاکستان سمیت پورے جنوبی ایشیاء میں دائمی امن ، خوشحالی اور تیز تر تعمیر و ترقی کیلئے مسئلہ کشمیر کا پر امن اور منصفانہ حل انتہائی ناگزیر ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل نہ ہونے کو خطے کے عوام کی بدقسمتی سے تعبیر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 21 ویں صدی میں دنیا کہاں سے کہاں پہنچ گئی ہے لیکن بھارتی قیادت کی چودھراہٹ ، ہٹ دھرمی اور توسیع پسندانہ عزائم کی وجہ سے مسئلہ کشمیر آج تک حل طلب ہے ۔انہوں نے کہاکہ بدترین ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیری عوام کی آواز اور آزادی کے مطالبے کو طاقت اور تشدد سے دبانے اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالیوں کا مذموم سلسلہ برابر جاری ہے۔