خبرنامہ کشمیر

مسئلہ کشمیر کا دیرپا حل خطے کی امن و سلامتی کا ضامن ہے: میر واعظ

سرینگر (ملت + اے پی پی) حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیرکے حل کے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و سلامتی کے قیام کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے ہاورڈ یونیورسٹی امریکہ کے کینڈی سکول برائے بزنس اینڈ گورنمنٹ میں منعقدہ دو روزہ کانفرنس سے سرینگر سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کی وجہ سے پورے جنوبی ایشیاکے خطے پر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں اور پورا خطہ غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے جس کا خمیازہ کشمیریوں کے علاوہ خطے کے کروڑوں عوام بھی بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کی اہمیت کو اس کے تاریخی تناظر میں پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام موجودہ دور میں جس درد اور کرب کی صورتحال سے گذررہے ہیں وہ صرف اس وجہ سے ہے کہ ان پر ایک ایسی حکومت مسلط ہے جو بین الاقوامی سطح پر کئے گئے اپنے وعدوں سے نہ صرف مکررہی ہے بلکہ ظلم و جبر کی بنیاد پر نہتے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبانے کیلئے ہر غیر جمہوری اور غیر انسانی ہتھکنڈا استعمال کررہی ہے ۔میرواعظ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کا سب سے آسان اور جمہوری طریقہ جموں وکشمیرمیں آزادانہ رائے شماری ہے جس کے ذریعے کشمیری عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ تنازعے کے تینوں فریق بھارت ، پاکستان اور کشمیری عوام کے درمیان ایک بامعنی مذاکراتی عمل اس دیرینہ مسئلے کے حل کامتبادل ہوسکتاہے۔بھارتی حکومت کی طرف سے پاسپورٹ جاری نہ کرنے کی وجہ سے میرواعظ عمر فاروق اس کانفرنس میں شرکت نہ کر سکے جس کی وجہ سے انہوں نے ویڈ یو لنک کے ذریعے سرینگر سے کانفرنس سے خطاب کیا اور مسئلہ کشمیر کواسکے تاریخی پس منظربیان کیا ۔ کانفرنس میں ممتاز دانشوروں اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔