خبرنامہ کشمیر

مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنا ہوگا،میر واعظ

سرینگر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چےئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ اگر پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم خطے میں دائمی امن، سلامتی اورمعاشی ترقی کے خواہاں ہیں تو انہیں مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمرفاروق نے سرینگر میں عوامی مجلس عمل کی مرکزی ورکنگ کمیٹی اور مرکزی عہدیداروں کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے جاری کئے جانے والے احتجاجی پروگراموں کو ہر سطح پر کامیاب بنانے کیلئے سرگرم عمل رہیں اوراتحاد مخالف سازشی عناصر کی چالوں کو ناکام بنا دیں۔ انہوں نے تحریک آزادی کی کامیابی کے لیے تنظیمی اور عوامی سطح پرمکمل اتحاد، استقامت اور یکسوئی کو ناگزیر قرار دیا ۔اجلاس میں پارٹی کے مرکزی رہنماؤں اور عہدیداروں نے میرواعظ کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ احتجاجی پروگراموں کو کامیاب بنانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔اجلاس میں مرکزی جامع مسجد سرینگرکو مختلف بہانوں سے بھارتی فوج اور پولیس کے حصار میں رکھنے باالخصوص جمعتہ المبارک کے دن لوگوں کو نماز جمعہ کی ادائیگی سے روکنے کے عمل کوکٹھ پتلی حکمرانوں کی اسلام دشمنی اور جامع مسجد کی مرکزیت اور اہمیت کو کمزور کرنے کی سازش قراردیا گیا۔اجلاس میں کشمیری عوام باالخصوص نوجوانوں پر زور دیاگیا کہ وہ جامع مسجد کے دینی ،سیاسی اور سماجی مرکز کو کمزور کرنے کی ناپاک کوششوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں اورجمعتہ المبارک کو مرکزی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ اجلاس میں حالیہ دنوں میں کشمیر کے مختلف علاقوں میں حریت پسند اور معصوم نوجوانوں کی شہادت پر دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور اللہ تبارک و تعالیٰ سے ان کی عظیم قربانیوں کو قبول فرمانے کی دعا کی گئی جبکہ شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا۔