خبرنامہ کشمیر

مسرت عالم بٹ سرینگر کی عدالت میں پیشی کے بعد دوبارہ کوٹ بھلوال جیل منتقل

مسرت عالم بٹ سرینگر کی عدالت

مسرت عالم بٹ سرینگر کی عدالت میں پیشی کے بعد دوبارہ کوٹ بھلوال جیل منتقل

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں غیر قانونی طورپر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئررہنماء اور مسلم لیگ جموں کشمیر کے سربراہ مسرت عالم بٹ کو سرینگر کی عدالت میں پیشی کیلئے جموں کی کوٹ بھلوال جیل سے سرینگر لایا گیا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسرت عالم بٹ کو انکے خلاف 2015میں درج مقدمے کی سماعت کیلئے فارسٹ کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں دلائل سننے کے بعد عدالت کے جج نے مقدمے کی آئندہ سماعت 15مارچ تک ملتوی کردی ۔ مسرت عالم بٹ کو بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں کے حصارمیں دوبارہ جموں کی کورٹ بھلوال منتقل کیا گیا۔ ادھر مسلم لیگ جموں و کشمیر کے ترجمان نے ایک بیان میں مسرت عالم بٹ کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قابض انتظامیہ مسرت عالم بٹ کی غیر قانونی نظربندی کو طول دے کر انکے جذبہ حریت کو کمزور کرناچاہتی ہے تاہم انہوں نے واضح کیاکہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے انہیں جدوجہد آزادی کشمیر جاری رکھنے سے روکا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ ایک منصوبہ بند سازش کے ذریعے مسرت عالم بٹ کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ مسلم لیگ کے ترجما ن نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل، انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس ، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور انسانی حقوق کی دیگر بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مسرت عالم بٹ سمیت دیگر حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کا سخت نوٹس لیں اور انکی فوری رہائی کیلئے بھارت پر دباؤبڑھائیں۔