خبرنامہ کشمیر

مسرت عالم بٹ کو دوبارہ گرفتار کرنے کی شدید مذمت

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما اورجموں کشمیر محاذ آزادی کے صدر محمد اقبال میر نے مسلم لیگ جموں و کشمیرکے سربراہ مسرت عالم بٹ کو عدالتی احکامات کے باوجود دوبارہ گرفتار کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد اقبال میرنے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کٹھ پتلی حکومت انتقامی کارروائی کرکے انہیں مسلسل پابند سلاسل رکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی پولیس کی طرف سے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئر مین محمد یاسین ملک کو پلوامہ میں زخمی حالت میں گرفتار کرناافسوسناک ہے۔انہوں نے کہاکہ جمہو ریت کا ڈھنڈور ہ پیٹنے والے کشمیر میں خود جمہوریت کا گلا گھونٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کشمیر میں پرامن سیاسی سرگرمیوں پر زبر دستی پابندی لگانا تشدد کی سیاست کو دعوت دینے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے اور پر امن سیاسی سرگرمیوں پر پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔