خبرنامہ کشمیر

مسرت عالم کو عدالتی حکم پر رہا کرنے سے انکار

سرینگر:(ملت+آئی این پی) محبوس مزاحمتی لیڈرمسرت عالم کو ہائی کورٹ کے سب رجسٹرارکے پاس پیش کرکے پولیس نے 9روزکیلئے جوڈیشل ریمانڈحاصل کر لیا۔ گزشتہ روزمسلم لیگ کے ترجمان نے کہاکہ ریمانڈ کے بعد مسرت عالم کو واپس سب جیل بارہمولہ منتقل کیاگیا۔ حریت کانفرنسگکے سینئر لیڈر اور مسلم لیگ کے محبوس چیئر مین مسرت عالم بٹ کوسب رجسٹرار کے پاس گھر میں پیش کیا گیااور مسرت عالم بٹ کو حراست میں رکھنے کیلئے مزید 9روز کا ریمانڈ حاصل کیا گیا۔ مسرت عالم بٹ کیخلاف پولیس تھانہ ہارون میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 592010درج ہے اور اسی سلسلے میں گزشتہ دنوں موصوف کو پولیس نے رہائی کے فوراًبعد گرفتا ر کیا تھا ۔ لیگ کے محبوس چیئر مین مسرت عالم بٹ کیخلاف لاگو 34واں پی ایس اے بھی کالعدم قرار دیا تھا اور عدالت عالیہ کے اس فیصلے کی رو سے پولیس پر لازم تھا کہ وہ مسرت عالم کو رہا کر دے لیکن عدالتی احکامات پر رہائی کے فوراًبعد موصوف کو پھر حراست میں لیا گیا اور اب ایک کے بعد جوڑیشل ریمانڈحاصل کرکے نظر بندی کو طول دیا جارہا ہے۔مسلم لیگ کے ترجمان نے الزام لگایا کہ پولیس مسلم لیگ چیئر مین کی نظر بندی کو طول دینے کیلئے مختلف حربے بروئے کار لارہی ہے جبکہ عدالت عالیہ کی طرف سے جب کسی کیس میں ملزم کو راحت دی جاتی ہے یا لاگو پی ایس اے کو کالعدم قرار دیا جاتا ہے تو قانونی اعتبار سے ایسے ملزم کو رہا کرنا ضروری ہوتا ہے لیکن کشمیر میں عدالتوں کے احکامات اور قوانین کا کوئی لحاظ یا پاس نہیں رکھا جاتا ۔(غ ک)