خبرنامہ کشمیر

مسلم اکثریتی کردارکوختم کرنابھارتیہ جنتا پارٹی کادیرینہ مشن رہا ہے، میر واعظ

سرینگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئر مین میرواعظ عمرفاروق نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کی متنازعہ حیثیت اورمسلم اکثریتی کردارکوختم کرنابھارتیہ جنتا پارٹی کادیرینہ مشن رہا ہے اور پیپلز ڈیوکریٹک پارٹی اپنی کرسی کی خاطر اس مذموم منصوبے میں اسے اپنا بھر پور تعاون پیش کر رہی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ پناہ گزیں خواہ کہیں کے بھی ہوں وہ پناہ گزین ہی رہتے ہیں لہذ انہیں اقامتی اسناد فراہم نہیں کی جاسکتیں۔ میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا بھارتیہ جنتا پارٹی ، راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ اور دیگر ہندو تنظیموں کا پرانا خواب ہے جسے پورا کرنے کے لیے وہ پنڈتوں اور فوجیوں کے لیے کبھی الگ کالیوں کے قیام ، کبھی بھارتی صنعتی پالیسی کا دائرہ کار مقبوضہ علاقے تک بڑھانے اور کبھی غیر کشمیریوں کو مقبوضہ علاقے کے مستقل رہائشی اسناد دینے کی مذموم سازشیں رچاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی بھارت نواز جماعتیں اپنے مفادات کی تکمیل کے لیے ان سارے مذموم اقدامات کے لیے انہیں ہمیشہ اپنا تعاون فراہم کرتی رہی ہیں۔میر واعظ نے کہا کہ جموں کشمیر بین الاقوامی طور پرتسلیم شدہ متنازعہ خطہ ہے اور کشمیری اسکی اس حیثیت اور یہاں مسلمانوں کے تناسب کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔