خبرنامہ کشمیر

مسلم دنیا تنازعہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت کرے، آسیہ اندرابی

سرینگر :(ملت+ اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی نے مسلمان ملکوں پر زور دیا ہے کہ وہ نیویارک میں جاری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے جاری اجلاس کے دوران تنازعہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی حمایت اور مقبوضہ کشمیر میں وحشیانہ بھارتی مظالم کو اجاگر کریں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آسیہ اندرابی نے سرینگر میں جاری بیان میں کہا کہ مسلم دنیا کے رہنماؤں کو کشمیر اور کشمیریوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنا چاہیے اور اس حوالے سے پاکستان کے موقف اور اسکے جائز مطالبات کی حمایت کرنی چاہیے ۔ آسیہ اندرابی نے کہا کہ بھارت نے آج کل پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ شروع کر رکھا ہے لہذا مملکت خدا داد کو اس وقت بھر پور حمایت کی ضرورت ہے ۔ دختران ملت کی چیئرپرسن نے کہا کہ بھارتی حکومت اور اس کی فوج دھمکیوں کے ذریعے پاکستان کو کشمیریوں کی حمایت سے نہیں روک سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت ، فوج اور یہاں کے میڈیا کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ پاکستان ایک نیوکلیائی ملک ہے اور وہ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے سکتا ہے۔ آسیہ اندرابی نے کہا کہ کشمیری عوام بھر پور سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت پر پاکستان کے شکر گزار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کا اوچھے ہتھکنڈوں سے جواب دے رہا ہے ۔ آسیہ اندرابی نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز نہتے کشمیریوں کے خلاف بدترین ریاستی دہشت گردی کر رہی ہیں جو انتہائی قابل مذمت ہے۔