خبرنامہ کشمیر

مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے مختصر عرصہ میں تاریخ ساز اقدامات کیے ہیں

مظفرآباد (ملت + آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کی سربراہی میں مختصر عرصہ میں تاریخ ساز اقدامات کیے ہیں ۔محکمہ تعلیم میں این ٹی ایس کا فیصلہ کوئی سیاسی فیصلہ نہیں بلکہ نوجوان نسل کیلئے میرٹ کے قیام کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے مرکزی نائب صدر میجر(ر) گلزمان اعوان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر خان کی سربراہی میں قائم عوامی حکومت خطے کی تعمیرو ترقی اور خوشحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے ۔گڈ گورننس اور میرٹ کی بحالی سے ریاست میں سنہری دور کا آغاز ہو چکا ہے ۔مسئلہ کشمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔میگا پراجیکٹس کے شروع ہونے سے ترقی اور خوشحالی کے ساتھ خطہ سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے حکومت پاکستان اور آزادکشمیر کا کردار بھرپور ہے ۔ ملک میں جاری ترقی کے عمل کو روکنے کیلئے دہشتگردی کی لہر چلی ہے ۔جسے پاک فوج کے ساتھ مل کر حکومت مکمل طورپر ختم کرے گی ۔انہوں نے آزادکشمیر کی پرامن فضاء میں علامہ تصور الجوادی پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سازش کو بے نقاب کیا جائے ۔