خبرنامہ کشمیر

مشتاق الاسلام کوٹ بھلوال جیل سےنامعلوم مقام پرمنتقل

مشتاق الاسلام کوٹ بھلوال جیل سےنامعلوم مقام پرمنتقل
سرینگر(ملت ) مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی طور پر نظر بند جموں وکشمیر مسلم لیگ کے رہنما مشتاق الاسلام کے اہلخانہ نے کہا ہے کہ وہ ان کے بارے میں کچھ نہیں جانتے کہ انہیں کہاں رکھا گیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مشتاق الاسلام کو تقریباً سات ماہ قبل سرینگر کے علاقے ٹینگہ پورہ بائی پاس میں واقع اپنی بہن کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔ نظر بند رہنما کے اہلخانہ نے سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ عدالت مشتاق الاسلام کو ان کے خلاف دائر جھوٹے مقدمات میں بری کرچکی ہے مگر اس کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا جارہا۔ جموں وکشمیر مسلم لیگ کے ترجمان نے بھی سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ جسٹس تاشی ربستان کی عدالت نے مشتاق الاسلام پر لاگو کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ رواں ماہ کی 13تاریخ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے قابض انتظامیہ کو انہیں رہا کرنے کے احکامات دیے تھے لیکن کوٹ بھلوا ل جیل کی انتظامیہ نے انہیں رہا کرنے کے بجائے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مشتاق الاسلام کے اہلخانہ اور نہ ہی مسلم لیگ کو کچھ پتہ ہے کہ وہ اس وقت کس جیل میں ہے لہذا وہ ان کی سلامتی کے حوالے سے سخت فکر مند ہیں۔