خبرنامہ کشمیر

مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے حریت کارکن حکیم الرحمان کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت

سرینگر ۔(ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمدیاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں حریت کارکن حکیم الرحمان کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت قائدین نے سرینگرمیں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ حال ہی میں ڈیڑھ برس سے زائد عرصہ تک جیل میں نظربند رہنے کے بعد رہاہونیوالے حکیم الرحمن کو بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ہفتہ کے روز بومئی سوپور میں انکے گھر کے باہر گولی مار کر شہید کردیاتھا۔ انہوں نے کہاکہ اس المناک سانحہ کی تفصیلات جاننے کیلئے چھ رُکنی کمیٹی کو جائے وقوعہ کی طرف روانہ کردیاگیا ہے، تاکہ اس واقعے کے مضمرات کے پیش نظر آئندہ کی حکمت عملی وضع کی جاسکے۔ حریت قیادت نے کشمیری حریت پسند عوام سے دردمندانہ اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ صبروتحمل اور نظم وضبط کے دامن کو مضبوطی سے تھامے رکھیں اور ان اندوہناک سانحات کے پس پردہ تحریک دشمن عناصر کے مذموم ارادوں اور ناپاک سازشوں کو طشت از بام کرنے کے بعد ناکام بنادیں۔ سیدعلی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے شہید حکیم الرحمان کے اہل خانہ، ان کی بیوہ اور پانچ کم سن بچیوں کے ساتھ اپنی دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے ان کی بلندی درجات اور ان کے اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کیلئے دعا کی۔