خبرنامہ کشمیر

مشترکہ حریت قیاد ت کا مقبول بٹ ، افضل گورو کو زبردست خراج عقیدت

مشترکہ حریت قیاد ت کا مقبول بٹ ، افضل گورو کو زبردست خراج عقیدت

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیرمیں سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے معروف کشمیری شہداء محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی شہادت کی برسیوں کے موقع پر نو اور گیارہ فرروری کو پوری وادی کشمیرمیں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی جدوجہد اور شہادت تاریخ کشمیر کا تابناک باب ہے ۔ بھارت نے ان دونوں رہنماؤں کو نہ صرف نئی دہلی کی تہار جیل میں پھانسی دیکر انکی میتوں کو بھی وہیں دفن کرکے آج تک قید میں رکھا ہو اہے ۔انہوں نے کہاکہ ان عظیم الشان شہداء کی شجاعت اور قربانی ملت کشمیر کیلئے ہمیشہ مشعل راہ رہے گی۔ کشمیری اپنے ان شہداء کی قربانیوں اور جدوجہد کو کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کرسکتے ۔ حریت رہنماؤں نے محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کے ایام شہادت کی مناسبت سے منظم اور مربوط احتجاجی پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امسال بھی شہید محمد افضل گورو کے یوم شہادت کی مناسبت سے 9فروری بروز جمعہ اور 11 فروری بروز اتوار کو مکمل ہڑتال کی جائے گی اورکشمیر کی سبھی مساجد میں دونوں شہداء کی متیوں کی واپسی کیلئے قرار داد پیش کرنے کے علاوہ پرامن احتجاجی مظاہرے بھی کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اتوار کو اقوام متحدہ کے مقامی مبصر دفتر میں اس سلسلے میں ایک یادداشت پیش کی جائیگی ۔انہوں نے دونوں شہداء کی جدوجہد ،قربانیوں اورشجاعت کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے کہا کہ انکی پامردی اس قوم کیلئے ہمیشہ مشعل راہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید مقبول بٹ نے اُس وقت اپنی جدوجہد کا آغاز کیا جب ہر سو اندھیرا چھایا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انکی ذات و صفات کشمیریوں کیلئے مشعل راہ تھی اور رہے گی اور کشمیری اپنے بے لوث قائد کی تقلید کرتے ہوئے جدوجہد آزادی کو ہر حال میں جاری رکھیں گے۔شہید محمد افضل گورو کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے حریت قائدین نے کہا کہ اس مجاہد صفت معصوم کشمیری نے ہنستے ہوئے تختہ دار کو چوم لیا لیکن باطل و ظالم کے سامنے سرنگوں نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کو تہاڑ جیل میں پھانسی دیکر انکی میتیں ورثاء کو دینے کی بجائے جیل ہی میں تدفین بھارت کے ظالمانہ اور جابرانہ رویے کاواضح ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ غیر قانونی طریقے سے پھانسیاں خاص طورپر قوم کے اجتماعی ضمیر کی مطمئن کرنے کیلئے کسی معصوم کو پھانسی دیناظلم و بربریت کی واضح اور روشن دہلیل ہے ۔سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے کہاکہ کشمیری کسی بھی صورت میں اپنے شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کریں گے اور ان شہداء کی میتوں کی واپسی اور ان کی پورے احترام کے ساتھ تدفین کامطالبہ دوہراتے رہیں گے ۔انہوں نے کشمیری عوام سے اس حوالے سے جاری پروگرام کو بھرپور شرکت کے ذریعے کامیاب بنانے کی پر زوراپیل کی ۔ انہوں نے کہاکہ عوام جمعہ اور اتوار کو اپنے کاروبار اور جملہ سرگرمیاں معطل رکھیں۔