خبرنامہ کشمیر

مشترکہ حریت قیاد ت کی (آج) شوپیاں کی طر ف مارچ اور ہڑتال کی اپیل

ششتر گام ڈورو

مقبوضہ کشمیر، مشترکہ حریت قیاد ت کی (آج) شوپیاں کی طر ف مارچ اور ہڑتال کی اپیل

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی، میر واعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے شوپیاں کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج بروز بدھ کو شوپیان کی طرف مارچ اور کشمیری نظربند وں کو سرینگر سے جموں کی جیلوں میں منتقل کرنے کے خلاف اس روز مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مشترکہ قیادت نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ بھارتی فورسز کشمیریوں کو سفاکانہ طریقے سے قتل کرنے پر تلی ہوئی ہیں اور بھارت نواز سیاست دان اور کٹھ پتلی حکومت ان کو قانونی تحفظ فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس قتل عام کے براہ راست ذمہ دار بھارت نواز سیاست دان ہیں اور انہیں مکافات عمل کے ابدی قانون کے تحت اپنے ان جرائم کا حساب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا قابض فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کی نسل کشی کے بڑھتے ہوئے واقعات سے کشمیرایک ذبح خانے میں تبدیل ہو گیا ہے جہاں نوجوانوں، بچوں ،بزرگوں اور خواتین کی زندگیاں چھینی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انسانی لہو کے خوگربھارتی فوجیوں کو کشمیریوں کے خون کی لت لگ چکی ہے اور ان کو انسانوں کو قتل کرنے کے سوا کچھ سجھائی نہیں دیتا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف قابض بھارتی افواج کشمیریوں کو تہہ تیغ کررہی ہیں اور دوسری طرف بھارت کے گماشتے مگرمچھ کے آنسو بہاکر قتل عام کی تحقیقات کا اعلان کر کے جرم سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہے ہیں۔مشترکہ مزاحمتی قیادت نے کہا کہ اس سے قبل شوپیان میں تین نہتے شہریوں کے قتل میں ملوث بھارتی فوج کے میجر کیخلاف کارروائی پر بھارت کی سپریم کورٹ نے حکم امتناع جاری کیا جوانصاف کا خون کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا ماضی کے تجربے کو مدنظررکھتے ہوئے کشمیری عوا م کو نہتے شہریوں کی فوجی اہلکاروں کے ہاتھوں قتل کے حوالے سے انصاف ملنے کی کوئی توقع نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات حیران کن ہے کہ کٹھ پتلی حکومت کے وکیل نے سپریم کورٹ میں کہا ہے کہ ملزم میجر آدتیہ کمار کا نام ایف آئی آر میں درج نہیں ہے جبکہ وہ کشمیریوں کی آنکھوں میں ڈھول جھونکنے کے لیے یہ دھنڈورا پیٹتی رہی کہ اس معاملے میں ملوث مجرم کی پہچان کر لی گئی ہے اور متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عرصۂ دراز سے بھارتی جبر کا مردانہ وار مقابلہ کرتے آرہے ہیں اور جبر کے ان ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کی مزاحمت حصول منزل تک جاری رہے گی۔مشترکہ قیادت نے شوپیان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بدھ 7مارچ کو شوپیان کی طرف مارچ اور کشمیری نظربند وں کی جموں کی جیلوں میں منتقلی کے خلاف ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ شوپیان میں شہداء کیلئے اجتماعی دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا جائے گا اور کشمیری نظربندوں بالخصوص عمر قید کی سزا کاٹنے والے رہنماؤں کی سرینگر سے جموں کی جیلوں میں منتقلی کے خلاف اس روز مکمل احتجاجی ہڑتال کی جائے گی۔