خبرنامہ کشمیر

مظلوم کشمیری اقوام متحدہ سے قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کرر ہے ہیں ،گیلانی

سرینگر ۔ 25 اکتوبر (ملت + اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے اقوامِ متحدہ کے یومِ تاسیس کے موقعہ پر افسوس ظاہر کیا ہے کہ عالمی ادارہ اپنے مقاصد کے حصول میں ناکام رہا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ 24اکتوبر 1945 کو اس عالمی ادارے کا قیام عمل میں لایاگیا تھا جس کا مقصد دنیا میں قیام امن ، کسی بھی ملک یا خطے کی جبری غلامی اور دنیا بھرمیں جنگ کے امکانات کو روکنا،انسانوں، قوموں اور ملکوں کو انکے حقوق دلوانا، ساری دنیا میں انسانی سماج کو امن وسکون فراہم کرنا اور متنازعہ مسائل کو حل کرنا ہے تاکہ سارے انسان امن وسکون اور اطمینان کی زندگی گزارسکیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ ان مقاصد کے حصول میں ناکام رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت 1948میں جموں و کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ میں لے کرگیا تھاجہاں اس بارے میں18قراردادیں منظور کی گئیں،جن میں کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا موقع فراہم کرنے کا وعدہ کیاتھا اور ان قراردادوں پر بھارت نے بھی د ستخط کئے تھے۔تاہم انہوں نے کہاکہ عالمی ادارہ ان قراردادوں پر عمل درآمد کرانے کیلئے اپنا موثر کردار ادا نہ کرسکا۔سید علی گیلانی نے کہاکہ جموں وکشمیر کے مسئلہ کی بنیاد اقوامِ متحدہ کی قراردادیں ہیں اورمظلوم کشمیری عوام ان پر عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہیں جس کو کسی بھی صورت میں نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ اقوامِ متحدہ پر سیاسی، قانونی، اخلاقی، انسانی اور منصبی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنی 18قراردادوں پر عمل درآمد کیلئے اپنے اختیارات استعمال کرے اور کشمیر کے عوام سے فوجی طاقت کے ذریعے چھینا گیا انکا ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت انہیں دلوائے ۔ حریت چیئرمین نے کہاکہ اقوامِ متحدہ ہمیشہ بھارت اور پاکستان کو بات چیت کرنے پر زور دیتا رہاہے، مگر آج تک 150بار ان دو ممالک کے درمیان بات ہوئی، مگر کوئی نتیجہ نہ نکلا اور ناہی مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب کوئی پیش رفت ہوئی ، کیونکہ بھارت کا غیر حقیقت پسندانہ دعویٰ ہے کہ جموں وکشمیر اس کا اٹوٹ انگ ہے جوکہ سراسر تاریخی پسِ منظر کے خلاف ہے، جبکہ کشمیر کے عوام نے بھارت کے فوجی قبضے سے آزادی حاصل کرنے کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اوردے رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جب تک مسئلہ کشمیر کو اسکے تاریخی پس منظر میں حل نہیں کیا جاتاکشمیری عوام جبری قبضے کیخلاف اپنی پر امن جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔سید علی گیلانی نے کہاکہ اسرائیل نے فلسطین کی زمین پر ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے اور یہ مسئلہ بھی اقوامِ متحدہ میں 1945سے زیر التوا ہے اور فلسطین کو غیر ملکی قبضے سے آزاد کرانے میں بھی عالمی ادارہ اب تک ناکام ہوا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اقوامِ متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں گے، تاکہ اس ادارے کی کھوئی ہوئی ساکھ بحال ہوسکے۔