خبرنامہ کشمیر

مفاداتی سیاست وقتی اورفرضی ہوتی ہے: آصف مصطفائی

مظفرآباد(ملت + آئی این پی) عمران خان نے جس طرح یوٹرن لیا اس طرح واضح ہوچکا ہے کہ مفاداتی سیاست وقتی اورفرضی ہوتی ہے ، عمران خان تمام عوامل کا حل سنجیدگی سے نکال سکتے تھے ہٹ دھرمی کسی بھی مسئلہ کاحل نہیں ، حکومتی رٹ کے آگے بے بس ہوکریوٹرن لینے کے بعد عمران خان اپنی رہتی سہی ساکھ بھی تباہ کرچکے ہیں ،اقتدار میں آنا احمقوں کی جنت میں رہنے والوں کے لئے خواب ہے جوکبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ، ان خیالات کااظہار مسلم لیگ (ن) مظفرآباد کے جنرل سیکرٹری آصف مصطفائی نے گزشتہ روزمیڈیانمائندگان سے گفتگوکرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ میاں نواز شریف پر جس قدر بے بنیاد الزامات پی ٹی آئی کی جانب سے لگائے گئے تمام ترالزامات کی مذمت کرتے ہیں ٗ انہوں نے کہاکہ عمران خان سیاست کے ہر موڑ پرناکام ہوچکے ہیں اب سپریم کورٹ میں میاں نوا زشریف کے خلاف جو کیس دائرہے اُس میں وزیراعظم پاکستان سرخرو ہوکر نکلیں گے اس طرح جب میاں نوازشریف سرخرو ہوں گے تو مخالفین اُلٹے منہ گرجائیں گے،انہوں نے کہاکہ یہ بات درست نہیں ریاست میں صرف ایک ہی جماعت کی حکومت ہو ، ہم کسی پارٹی کی مخالفت نہیں کرتے البتہ تعمیروترقی اورملک کوآگے لے جانے میں تاریخ لکھی جائے گی ایسی تاریخ میں میاں نوازشریف کانام ہوگا ٗ تاریخ کسی بھی معاف نہیں کرتی جس نے جوبویا اُسے ضرورکاٹنابھی ہوگا ٗ عمران خان جس قدر نفرت کے بیج بو رہے ہیں جس کا خمیازہ بھی موصوف کوبھگتنا پڑے گا ۔