خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ جموں میں دوالگ الگ حملوں میں3 بھارتی فوجی ہلاک

سرینگر: (ملت+اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں منگل کی صبح جموں کے علاقوں میں دو الگ الگ حملوں میں ایک آفیسر سمیت 3 بھارتی فوجی ہلاک اور4 زخمی ہوگئے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کچھ نامعلوم بندوق برداروں نے جموں کے علاقے نگروٹہ میں بھارتی فوج کی 166فیلڈ رجمنٹ پر حملہ کرکے ایک جونےئر کمیشنڈ آفیسر سمیت 3 اہلکاروں کو ہلاک اور3کو زخمی کردیا۔ فیلڈ ریجمنٹ کا کیمپ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی 16ویں کور کے ہیڈکوارٹرکے نزدیک نگروٹہ کے قصبے میں ہے۔ قابض انتظامیہ نے جموں ادھمپور شاہراہ کو بند کردیا ہے جبکہ نگروٹہ میں سکول بھی بند کردیے گئے ہیں۔ دریں اثناء جموں کے ضلع سانبہ کے علاقے رام گڑھ میں ایک اور حملے میں بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کا ایک اہلکار زخمی ہوا ہے۔ بھارتی فوج نے تین حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق جموں شہر میں ریڈ الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔