خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ علاقے میں ہر طرف خوف وہشت کا بازار گرم : تحریک حریت

سرینگر : (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں کشمیر نے تنظیم کے ضلع کولگام کے صدرِ محمد شعبان ڈار کی گرفتاری اور آلوسہ بانڈی پورہ کے رہائشی قاری دانش ملک کے مکان کی توڑ پھوڑ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت نے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں خوف و دہشت کا بازار گرم کررکھا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحریک حریت کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ایک طرف بے گناہ شہریوں کا قتل، مار دھاڑ اور گرفتاریاں جاری ہیں جبکہ اور دوسری طرف مکانات اور دیگر املاک کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز نے گزشتہ چار ماہ کے دوران 70ہزار کے قریب مکانات اور دیگر املاک کو مسمار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ گھروں پر چھاپوں کے دوران معمرافراد کی مارپیٹ سے بھی دریغ نہیں کیا جاتا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت اور کٹھ پتلی انتظامیہ کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ اس طرح کی چیرہ دستیوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبالیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے عظیم شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہچانے کے حوالے سے پرعزم ہیں۔