خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ وادی کو خون میں نہلانے والے بھارتی حکمران خطہ کے امن کو تباہ کردینا چاہتے ہیں

مظفرآباد(ملت + آئی این پی) مسلم لیگی رہنما سابق امیدواراسمبلی میر ساجد سلہریا نے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی کو خون میں نہلانے والے بھارتی حکمران خطہ کے امن کو تباہ کردینا چاہتے ہیں‘ مقبوضہ وادی میں حریت پسند رہنماؤں کی گرفتاری قابل مذمت ہے‘ 12سالہ جنید شہید اور کشمیریوں کا مقدس لہورائیگاں نہیں جائے گا‘ بھارتی بربریت کشمیریوں کے جذبہ حریت کوسرد نہیں کرسکتی اور انشاء اللہ کشمیر جلد آزاد ہوگا، کشمیری الحاق پاکستان کے داعی ہیں بزدل بھارت اپنے افواج کے ذریعے کشمیریوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے اس کے باوجود کشمیری اپنے حق کیلئے سراپا احتجاج ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ وادی کو عملا فوجی چھاونی میں تبدیل کررکھا ہے گزشتہ تین ماہ سے مسلسل کشمیریوں پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں انہیں بینائی سے محروم کیا جارہا ہے ‘ مقبوضہ وادی میں میڈیا نمائندگان کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ بھارتی جارحیت کیخلاف اپنا کردار ادا کرے اور کشمیریوں کے حق میں پاس کردہ قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ خطہ کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے اور مسئلہ کشمیر کا واحد حل ہی اقوام متحدہ کی قراردادوں میں مضمر ہے۔ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کیلئے اپنا جاندار کردار اد اکرے تاکہ خطہ میں قیام امن ممکن ہوسکے۔