خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر،حریت پسند رہنماؤں اور نوجوانوں کو مسلسل گرفتار اورہراساں کئے جانے پر قاضی یاسر کا اظہار تشویش

سری نگر۔ 10 اکتوبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں امت اسلامی جموں وکشمیر کے چےئرمین قاضی یاسر نے جو غیر قانونی طورپر نظربندہیں، حریت پسند رہنماؤں اور نوجوانوں کومسلسل گرفتار اور ہراساں کئے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق قاضی یاسر نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ ان کی پارٹی کے بہت سے رہنماؤں کو یاتو جیل بھیج دیا گیا ہے یا انہیں ہراساں کیا جارہا ہے جن میں معروف عالم دین بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے پارٹی کے سینئر رہنما مولاناسرجان برکاتی کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا اور اب انہیں کوٹ بھلوال جیل منتقل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پولیس نے نورپورہ ترال میں مولانا شوکت کے گھر پر چھاپہ مارا اور انکے اہلخانہ کو ہراساں کیا۔ اس سے پہلے مولانا سجاد ہاشمی کے دو بھائیوں کو گرفتار کیا گیا اور انہیں مسلسل نظر بند رکھا جارہا ہے جبکہ مولانا عمر عطائی کو کٹھوعہ جیل بھیج دیا گیا ہے۔ دریں اثناء پارٹی کے ایک ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں پارٹی سربراہ قاضی یاسر اور دیگر نظربند رہنماؤں کی بگڑتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رہنماؤں کی مسلسل نظربندی سے ان کی صحت متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چےئرمین محمد یاسین ملک ، حریت رہنما محمد اشرف صحرائی اوردیگر رہنماؤں کی صحت کے بارے میں شدید تشویش ہے۔