خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر، افضل گورو اور مقبول بٹ کی شہادت کی برسیوں پر ہڑتال کی جائے گی

مقبوضہ کشمیر، افضل

مقبوضہ کشمیر، افضل گورو اور مقبول بٹ کی شہادت کی برسیوں پر ہڑتال کی جائے گی

سرینگر(ملت5 آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں معروف کشمیری رہنمامحمد افضل گورو کی شہادت کی 5ویں برسی پر کل بروز جمعہ مکمل ہڑتال کی جائے گی۔ گیارہ فروری بروز اتوار کو شہید محمد مقبول بٹ کی برسی پر بھی ہڑتال کی جائے گی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مزاحمتی قیادت نے دی ہے۔ مزاحمتی قیادت نے دونوں شہداء کی میتوں کو کشمیریوں کے حوالے کرنے کے مطالبے پر زور دینے کیلئے نماز جمعہ کے بعد پر امن مظاہروں کی بھی اپیل کی ہے۔ مزاحمتی قیادت نے محمد مقبول بٹ کی شہادت کی برسی پر گیارہ فروری کو مکمل ہڑتال کے ساتھ ساتھ سرینگر کے علاقے سونہ میں اقوام متحدہ کے مبصرین دفتر کی طرف مارچ کی کال بھی دی ہے ۔ بھارت نے محمد افضل گورو کو 9فروری2013کو جبکہ محمد مقبول بٹ کو 11فروری1984کو نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں پھانسی دیکر انکی میتوں کو جیل کے احاطے میں ہی دفن کر دیا تھا۔ دریں اثنا کٹھ پتلی انتظامیہ نے حریت رہنماؤں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، محمدیاسین ملک ، محمد اشرف صحرائی،مختار احمد وازہ، غلام احمد گلزار، بلال صدیقی، محمد اشرف لایہ او ر عمر عادل ڈار کو شہید افضل گورو اور شہید محمد مقبول بٹ کی برسیوں پر منعقدہ پروگراموں میں شرکت سے روکنے کیلئے گھروں ، تھانوں اور جیلوں میں نظر بند کر دیا ہے۔