خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فائرنگ سے نوجوان شہید

سری نگر: (ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران منگل کو ضلع بانڈی پورہ میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔ فوجیوں نے نوجوان کو ضلع میں حاجن کے علاقے میں تلاشی اورمحاصرے کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ نوجوان کو مقابلے میں قتل کیا گیا۔ ادھر جموں کے کٹھوعہ ہیرا نگر سب ڈویژن کے ہریہ چک علاقہ میں گاؤ کشی کے مبینہ واقعے کے بعد بی جے پی اور آر ایس ایس سے وابستہ ہندو انتہا پسندوں نے مسلمانوں کی بستی پر حملہ کر کے اسے آگ لگا دی۔جس کے دوران کئی رہائشی مکانات اور گھاس کے ڈھیر جل کر راکھ بن گئے۔ پولیس وفورسز کی موجودگی میں ہی آر ایس ایس ورکروں نے گاؤںمیں گھس کر لوگوں پر تشدد کیا۔ گزشتہ روز علاقے میں گائے کے سر کی موجودگی کی آڑ میں ہندو انتہا پسندوں نے مسلمانوں پر حملے کیے۔ مسلمانوں کی بستی پر حملے کے بعد تصادم شروع ہو گیا۔ پولیس کی آنسو گیس شیلنگ اور فائرنگ سے ایک درجن سے زیادہ افراد زخمی ہو گئے۔ فرقہ وارانہ کشیدگی کے دوران دو فرقوں کے مابین پتھراؤ میں 9افراد زخمی ہو گئے جن میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ پولیس نے 3افراد کو حراست میں لے لیا ۔علاقے میں ہندو آبادی کی اکثریت ہے۔ اکثریتی فرقے کے افراد نے ایک جلوس کی صورت میںمسلم بستی کی طرف مارچ کیا۔ ایس ڈی ایم ہیرا نگر نے پورے سب ڈویڑن میں دفعہ 144نافذ کر دی۔ ایک زخمی سراج دین کوایمبولینس میں اسپتال لے جایاجارہاتھا،اس ایمبولینس پربھی ہندو شر پسندوں نے حملہ کیاجس کی وجہ سے زخمی کو اسپتال نہیں پہنچایاجاسکا ۔ کٹھوعہ کے ہریا چک علاقے میںمسلمانوں پر ہندو انتہا پسندوں کے حملے کے واقعہ پرمقبوضہ کشمیر کی اسمبلی میں اپوزیشن ممبران کی طرف سے زبردست احتجاج کیا گیا جس دوران کچھ ممبران اسمبلی کارروائی لکھنے والے عملے کی ٹیبل پر چڑھ گئے اور وہاں رکھا ہوا سارا سامان اٹھاکر پھینک دیا۔