خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دو نوجوان شہید، فوجیوں نے رہائشی مکان کو دھماکے سے اڑادیا

سرینگر ۔(ملت+اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران بدھ کو ضلع اسلام آباد میں دو اور نوجوانوں کو شہید کردیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے الطاف کاچرو اور عمر رشید نامی دو نوجوانوں کو ضلع کے علاقے منوارڈ میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ فوجیوں نے علاقے میں ایک مکان کو بھی تباہ کیا۔ بھارتی انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ شہید نوجوان حزب المجاہدین کے اعلیٰ کمانڈر تھے۔ قابض انتظامیہ نے جنوبی کشمیر کے ضلع میں موبائل انٹریٹ سروس بھی معطل کردی ہے۔ سرینگر اور بانہال کے درمیان ٹرین سروس بھی معطل ہے۔ شہادتوں کے بعد علاقے میں بھارتی فوجیوں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ضلع کے علاقے کھنہ بل میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے خلاف نوجوانوں نے سڑکوں پر احتجاج کیا۔ فوجیوں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جواب میں نوجوانوں نے پتھراؤ کیا۔ادھر ضلع کپواڑہ کے علاقے مژھل میں بھارتی فوج کی 45 راشٹریہ رائفلز کے ہیڈ کوارٹر میں بڑے پیمانے پر آگ بڑھک اٹھنے سے فوجیوں کی متعدد بیریکیں مکمل طورپر جل کر خاکستر ہوگئی جبکہ اسلحہ اوردیگر سامان کیذخیرے کو بھی نقصان پہنچا۔ دریں اثناء بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے کشمیری نظربندوں کے ساتھ نرم رویہ اختیار کرنے اور جاری جدوجہد آزادی کی حمایت کرنے پر جموں کی امپھالہ جیل کے ڈپٹی جیل سپریٹنڈنٹ فیروز احمد لون اور اسحاق پالہ کو گرفتار کرلیا ہے ۔این آئی اے کی جموں کی خصوصی عدالت نے اسحاق پالہ کو دس روزہ ریمانڈ پر دیدیا تھا۔