خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر، بھارت مخالف مظاہروں، ریلیوں کا سلسلہ جاری

سرینگر:(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہریوں کے قتل عام کے خلاف مختلف علاقوں میں لوگوں نے زبردست بھارت مخالف ریلیاں نکالیں اور احتجاجی مظاہرے کیے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر، بارہمولہ، سوپور، شوپیاں، اسلام آباد ، کولگام، پلوامہ اور کپواڑہ میں مظاہرین نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ بھارتی فورسز کے اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان مختلف علاقوں میں شدید جھڑپیں ہوئیں جبکہ قابض فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جسکے باعث متعدد مظاہرین زخمی ہو ئے۔ فورسز اہلکاروں نے اسلام آباد قصبے میں مظاہرین کیخلاف مرچوں برے گولے استعمال کیا جسکے باعث معمر افراد اور بچے انتہائی تکلیف دہ صورت حال سے دوچار ہو گئے۔ سرینگر کے علاقے گوگام میں ایک مشعل بردار جلوس نکالاگیا۔ دریں اثنا پلوامہ کے علاقے مرن میں پنڈت بھی آزادی کے حق میں ایک مظاہرے میں شریک ہوئے اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ اس موقع پر چند پنڈتوں نے تقاریر بھی کیں اور تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک لے جانے کا عزم ظاہر کیا۔ بدری ناتھ بٹ نامی ایک پنڈت نے کہا کہ وہ مسلمانوں کے ساتھ ہیں اور ان کی ضرورت کو وہ اپنی ضروت سمجھتے ہیں ۔ حریت رہنماؤں غلام نبی سمجھی ، یاسین راجہ ، زمرودہ حبیب، ناہیدہ نسرین، رفیق احمد ڈار اور مولانا عارف خطیب نے کپواڑہ، سوپور، بانڈی پورہ، گاندر بل ، کولگا، اسلام آباد اور شوپیاں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے شہداء کے مقدس مشن کی تکمیل تک جد وجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔