خبرنامہ کشمیر

مقبوضہ کشمیر، تین بھارتی فوجی برفانی تودے تلے آنے کے باعث ہلاک

مقبوضہ کشمیر مسلم

مقبوضہ کشمیر، تین بھارتی فوجی برفانی تودے تلے آنے کے باعث ہلاک

سرینگر(ملت آن لائن) مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں تین بھارتی فوجی برفانی تودے کے نیچے آنے سے ہلاک ہو گئے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ضلع کے علاقے مژھل میں برفانی تود ہ بھارتی فوج کی ایک پوسٹ پر آگرا جس کے نتیجے میں تین فوجی ہلاک ہو گئے ۔ فوجیوں کی لاشیں نکالنے کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ ایس ایس پی کپواڑہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعے میں تین فوجی ہلاک ہو گئے تاہم اصل تعدادکے بارے میں پتہ لگایا جا رہاہے۔
مقبوضہ کشمیر، نوجوانوں کی شہادت پر شوپیاں میں ہڑتال کا سلسلہ جاری
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بیگناہ نوجوانوں کی حالیہ شہادت پر ضلع شوپیاں میں ہفتے کو مسلسل 10ویں روز بھی مکمل ہڑتال کی گئی۔ دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل تھی۔ بھارتی فوجیوں نے 24جنوری کو شوپیاں کے علاقے چائی گنڈ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران تین نوجوانوں فردوس احمد، سمیر احمد اور شاکر میر کو شہید کر دیا تھا۔ قابض فوجیوں نے 27جنوری کو شوپیاں کے ایک اور علاقے گونی پورہ میں ایک تلاشی آپریشن کے دوران پرامن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے دو نوجوانوں جاوید احمد بٹ اور سہہیل احمد لون کو شہید جبکہ متعدد نوجوانوں کو زخمی کر دیا تھا ۔ رئیس احمد نامی ایک شدید زخمی نوجوان 31جنوری کو صورہ ہسپتال سرینگر میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چلا بسا جبکہ چائی گنڈ شوپیاں میں 25جنوری کو مارٹر گولے کے دھماکے میں زخمی ہونے والا دس سالہ مشرف فیاض یکم فروری کوہسپتال میں دم توڑگیا۔دریں اثنابھارتی پولیس کی طرف سے گھر گھر تلاشی کے دوران متعدد نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف ہفتے کو ضلع بڈگام کے علاقے سوئیہ بگ میں بھی مکمل ہڑتال کی گئی۔ مقافی لوگو ں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتا یا کہ بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے علاقے میں گھر گھر تلاشی کے دوران قیمتی گھریلو اشیا کی توڑپھوڑ کی اورکھڑکیوں کے شیشے توڑ دیئے۔